انگلینڈ نے آسٹریلوی ٹیم کو آسمان سے زمین پر پٹخ دیا

جوز بٹلر کی سنچری، مہمان ٹیم تیسرے ون ڈے میں 16رنز سے فتحیاب، سیریز بھی جیت لی


خبر ایجنسی January 22, 2018
جوز بٹلر کی شاندار سنچری کی بدولت تیسرے ون ڈے میں 16 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انگلینڈ نے آسٹریلوی ٹیم کو آسمان سے زمین پر پٹخ دیا۔

ایشز سیریز میں 4-0 سے کامیابی حاصل کرنے والی آسٹریلوی ٹیم ون ڈے فارمیٹ میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہی ہے، انگلینڈ نے پانچ میچز کی سیریز کے ابتدائی تینوں مقابلے جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

گزشتہ روز 303 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی آسٹریلوی ٹیم6 وکٹ پر 286 رنز ہی بنا پائی، اوپنر ایرون فنچ نے 62، اسٹوئنس نے 56 اور مچل مارش نے 55 رنز کے ساتھ حصہ ڈالا جبکہ کپتان اسٹیون اسمتھ بھی 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے مگر ان سب کی کاوش بھی ناکافی ثابت ہوئی، ووڈ، ووئکس اور عادل نے دودو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل خود آسٹریلوی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے انگلش ٹیم کو بڑا اسکور کرنے کا موقع میسر آیا، میزبان فیلڈرز نے تین کیچز ڈراپ کرنے کے ساتھ ایک رن آئوٹ کا موقع بھی گنوایا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مہمان سائیڈ نے 6 وکٹ پر302 رنز بنائے۔

ابتدا میں آسٹریلیا کے پاور فل اٹیک کے سامنے انگلش ٹیم کو جدوجہد کا سامنا رہا جس نے 107 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دی تھی تاہم بعد میں ٹیم سنبھلنے لگی، آخر میں بٹلر اور ووئکس نے کینگرو اٹیک کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے 302 رنز کا مجموعہ حاصل کیا، بٹلر 100 اور ووئکس 53 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، دونوں کے درمیان 111 رنز کی شراکت ہوئی، بٹلر نے آخری گیند پر اپنی سنچری مکمل کی، ہیزل ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں