افغانستان نیٹو کے فوجی اڈے پر خود کش حملہ 21افراد ہلاک

لوگرمیں فوجی اڈے پرٹرک سے حملہ کیاگیا،3اتحادی فوجی اور17 شہری زخمی ہوئے،کابل میں بس کوریمورٹ بم سے نشانہ بنایاگیا


News Agencies/AFP August 08, 2012
لوگرمیں فوجی اڈے پرٹرک سے حملہ کیاگیا،3اتحادی فوجی اور17 شہری زخمی ہوئے،کابل میں بس کوریمورٹ بم سے نشانہ بنایاگیا،9 ہلاک۔ فوٹو اے ایف پی

افغانستان میں خودکش حملے، بم دھماکے اور جھڑپوں میں 2 اتحادی فوجیوں سمیت21 افراد ہلاک جبکہ 4 اتحادی فوجیوں سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق جنوبی صوبے لوگر میں نیٹو کے فوجی اڈے پر خودکش حملے میں3 اتحادی فوجی اور17 شہری زخمی ہوگئے، افغان پولیس کے مطابق پلی الم شہر میں دھماکا خیز مواد سے بھرے ٹرک سے حملہ کیاگیا جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایساف ترجمان نے بھی دھماکے کی تصدیق کردی ہے، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے ہلاکتوں کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق صوبہ کپیسا میں جھڑپ کے دوران ایک فرانسیسی فوجی اور 10 طالبان مارے گئے، جھڑپ میں ایک فرانسیسی فوجی زخمی بھی ہوا۔

مشرقی افغانستان میں افغان آرمی کی وردی پہنے ہوئے دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک اور امریکی فوجی کو ہلاک کردیا، دریں اثناء کابل میں مسافر بس پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں9 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ پولیس چیف جنرل ایوب کے مطابق کابل میں طالبان کی جانب سے مسافر بس پر حملہ کیا گیا،بس پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ صدر کرزئی نے بس پر حملے کی مذمت کی ہے۔

نیٹو کی جانب سے ہالینڈ کے ماروتیس جوشمز کو سیمن گیس کی جگہ افغانستان میں نیا سینئر سویلین نمائندہ مقرر کردیاگیا ہے۔ علاوہ ازیں افغان وزیر دفاع عبدالرحیم وردک سرحد پار سے مبینہ حملے روکنے میں ناکامی کے بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں