اللہ کےعلاوہ کسی سے نہیں ڈرتا ملک کیلئے واپس آیا ہوں اور اب یہیں رہوں گا پرویز مشرف

آج پاکستان کا یہ حال دیکھ کر ان کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ کراچی میں دہشتگردی کی وارداتیں ہو رہی ہیں،پرویز مشرف .


ویب ڈیسک March 24, 2013
ملک میں آنے کے ساتھ ہی میرے خلاف سازشیں شروع ہوگئیں ہیں، پرویز مشرف۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے، ملک کی خاطر واپس آئے ہیں اور اب یہیں رہیں گے۔

کراچی ایئرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ انہیں لوگ کہتے تھے کہ وہ نہیں آئیں گے مگر میں ملک کو بچانے کے لئے وطن واپس آگیا ہوں، انہوں نے کہا کہ انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن وہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے، وہ اتنے ہی مسلمان ہیں جتنا ملک کا ایک عام آدمی ، انہیں اللہ کی ذات پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج میں شمولیت اختیار کرتے وقت قسم کھائی تھی کہ ملک کی حفاظت کے لیے جہاں جانا پڑا وہ جائیں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ ملک میں آنے کے ساتھ ہی ان کے خلاف سازشیں شروع ہوگئیں ہیں، مزار قائد پر ان کے جلسے کو سبوتاژ کیا گیا لیکن وہ اپنا سیاسی سفر جاری رکھیں گے اور ملک کو ایک بے لوث قیادت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا یہ حال دیکھ کر ان کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ کراچی میں دہشتگردی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، روز لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے۔ وہ کراچی کا امن واپس لائیں گے اور آل پاکستان مسلم لیگ کے ذریعے ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس لوٹے ہیں ، انہیں آج مزار قائد پر جلسہ کرنا تھا تاہم سیکیورٹی خدشات کی بنا پر ان کا جلسہ منسوخ کردیا گیا جبکہ ایئرپورٹ پر ان کی پریس کانفرنس بھی ملتوی کردی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں