ایران کو جوہری طاقت بننے نہیں دیں گے امریکی نائب صدر

جوہری معاہدے کا معاملہ حل نہیں ہوا تو امریکا فوری طور پر دستبردار ہوجائے گا، مائیک پنس


ویب ڈیسک January 22, 2018
معاملہ حل نہیں ہوا تو امریکا فوری طور پر دستبردار ہوجائے گا، مائیک پنس - فوٹو: فائل

امریکی نائب صدر مائیک پنس کا کہنا ہے کہ میرا اسرائیل اور مشرق وسطیٰ سے وعدہ ہے کہ امریکا ایران کو کبھی بھی جوہری طاقت نہیں بننے دے گا۔

اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے مائیک پنس کا کہنا تھا کہ 2015 میں اسرائیل کی بھرپور مخالفت کے باوجود سابق امریکی صدر براک اوباما نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا لیکن موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آغاز سے اس معاہدے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مائیک پنس کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ وہ نہ صرف مسلسل اس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے بلکہ دنیا بھر میں اسرائیل کے دشمنوں سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی معاونت بھی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ تباہ کن اقدام ہے لہذا امریکا اس معاہدے کو مزید جاری نہیں رکھے گا جب کہ یہ میرا اسرائیل اور مشرق وسطیٰ سے وعدہ ہے کہ ایران کو کبھی جوہری طاقت نہیں بننے دیا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدے کی ''آخری بار'' توثیق کردی

نائب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کا معاملہ حل نہیں ہوا تو امریکا فوری طور پر اس معاہدے سے دستبردار ہوجائے گا۔

واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے میں آخری بار 3 ماہ کی توسیع کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے یہ قدم آخری مرتبہ اٹھایا ہے تاکہ یورپ اور امریکا اس معاہدے میں موجود نقائص دور کر سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔