انتظاراحمد قتل کیس کی تحقیقات سی ٹی ڈی کےسپرد

شفاف تحقیقات سے انتظار کے والد کو مطمئن کیا جائے گا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامرفاروقی


ویب ڈیسک January 23, 2018
شفاف تحقیقات سے انتظار کے والد کو مطمئن کیا جائے گا، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامرفاروقی۔ فوٹو: فائل

MIAMI: شہر قائد میں جاں بحق نوجوان انتظار احمد کے قتل کی تحقیقات سی ٹی ڈی کے سپرد کردی گئیں جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انتظار قتل کیس کی تحقیقات سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ) کے سپرد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق تحقیقات اب سی ٹی ڈی کی ٹیم کرے گی جس کے سربراہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامرفاروقی ہوں گے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ انتظار قتل کیس کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی میڈیا کو کیس کی تحقیقات سے آگاہ رکھا جائے گا اگر انتظار قتل کیس میں کوئی بھی عینی شاہد ہے تو وہ سی ٹی ڈی کے دفتر آکر بیان دے سکتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: انتظار کے والد کا کار میں موجود لڑکی کو سامنے لانے کا مطالبہ

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ شفاف تحقیقات سے انتظار کے والد کو مطمئن کیا جائے گا، کیس کی تحقیقات بغیر کسی دباؤ کے کریں گے اور واقعے میں جو بھی ملوث ہوا اُس کے خلاف کارروائی کریں گے۔

قبل ازیں انتظار حسین کے والد نے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تفتیش منتقلی کی تحریری درخواست آئی جی سندھ کو ارسال کی تھی۔

انتظار کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کا قتل حادثہ نہیں ٹارگٹ کلنگ تھی، 7 روز گزرنے کے باجود تفتیش میں کچھ واضح نہیں ہوا جب کہ مجھے اپنے بیٹے کے قتل کی تحقیقات کرنے والی تفتیشی ٹیم پر اعتماد نہیں ہے، مقدمہ کی تفتیش سی ٹی ڈی یا کرائم برانچ کو منتقل کی جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:انتظار قتل کیس؛ مدیحہ کیانی کچھ چھپا رہی ہے، والد کا موقف

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 19 سالہ انتظار حسین جاں بحق ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔