ٹی ایم اے کی بے حسی میرپورخاص کے بیشتر علاقے گندے پانی میں ڈوب گئے

پانی کھڑا رہنے سے تعفن پھیل گیا،مچھر اور مکھیوں کی بہتات،وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ، عوام پریشان.

پانی کھڑا رہنے سے تعفن پھیل گیا،مچھر اور مکھیوں کی بہتات،وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ، عوام پریشان. فوٹو: فائل

تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کی نا اہلی، میرپورخاص کے بیشتر علاقے گندے پانی میں ڈوب گئے۔

مچھر اور مکھیوں کی بہتات، وبائی امراض پھوٹنے کا اندیشہ۔ تفصیلات کے مطابق تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن میرپورخاص کی عدم توجہی اور نااہلی کے باعث میرپورخاص کے علاقے حمید پورہ کالونی، تھامس آباد، ہیرآباد، کھار پاڑہ، نور شاہ کالونی، غریب آباد، چاکی پاڑہ، نائی پاڑہ، نیو ٹائون، آدم ٹائون اور اسکیم نمبر 2 سمیت بیشتر علاقے گٹر کے گندے پانی میں ڈوب گئے جس کے باعث کئی روز سے علاقہ مکینوں کو نقل و حمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔




مذکورہ علاقوں میں کئی روز سے پانی کھڑا رہنے سے شدید تعفن پھیل گیا ہے، جبکہ مچھر اور مکھیوں کی افزائش میں اضافے کے باعث وبائی امراض پھوٹنے کا بھی اندیشہ ہے۔ سماجی رہنما کامران قائمخانی نے کہا ہے کہ ٹی ایم اے کی جانب سے میرپورخاص شہر کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جب ٹی ایم او میرپورخاص سے علاقہ مکین بات کرتے ہیں تو وہ فنڈز میں کٹوتی کو عذر بناتے ہوئے خود کو بر ی الذمہ قرار دے دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گندا پانی پینے کے پانی میں شامل ہوجانے کے باعث بیشتر علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا بھی اخدشہ ہے۔ انھوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہریوں کو ذہنی اذیت سے نجات دلانے کے لئے اس مسئلے کی جانب توجہ دیتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں۔
Load Next Story