دہلی میں خوشی سے بے قابو ہوجانیوالے ایشانت پر جرمانہ

بھارتی پیسر کی 15فیصدمیچ فیس کاٹ لی گئی ، رویندرا جڈیجا کو علیم ڈار کی تنبیہ۔

بھارتی پیسر کی 15فیصدمیچ فیس کاٹ لی گئی ، رویندرا جڈیجا کو علیم ڈار کی تنبیہ۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

آئی سی سی نے آسٹریلیا کیخلاف اتوار کو ختم ہونے والے دہلی ٹیسٹ میں خوشی سے بے قابو ہوجانے والے بھارتی بولرایشانت شرما پر جرمانہ عائد کردیاگیا۔

انھیں گورننگ کونسل کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون اور آرٹیکل 2.1.6 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، انھیں بطور جرمانہ اپنی میچ فیس کا 15فیصد ادا کرنا ہوگا، بھارتی بولر نے خود پر عائد کیے جانے والے الزام کوتسلیم کرلیا تھا، جس کے بعد میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اس معاملے پر ڈسپلنری سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی، یہ افسوسناک واقعہ اتوار کو آسٹریلوی اننگز کے 45ویں اوور میں اس وقت پیش آیا ، جب ایشانت نے حریف بیٹسمین جیمز پیٹنسن کو آئوٹ کرنے کے بعد انھیں غصیلے انداز میں پویلین جانے کا اشارہ کیا تھا۔




مدوگالے نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایشانت کا طرز عمل واضح طور پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، مجھے یقین ہے بھارتی بولر اس سزا سے سیکھے گا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کی کوشش کر گا،اس سے قبل فیلڈ امپائر علیم ڈار نے جڈیجا کو امپائر کی جانب سے وارنر کو ایل بی ڈبلیو قرار دیے جانے سے قبل ہی خوشیاں منانا شروع کرنے پر متنبہ کیا تھا، واضح رہے جڈیجا ہفتے کو بھی وارنر سے الجھے تھے، ان واقعات پر پاکستانی امپائر نے بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی سے بات بھی کی تھی۔
Load Next Story