’فری کراچی‘ مہم پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے فاروق ستار

کراچی والوں نے فیصلہ کر لیا کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہیں، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان


Staff Reporter January 24, 2018
جوابی مہم چلائین گے، لوگوں کو گمراہ کرنے نہیں دیں گے، پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ''فری کراچی '' کے نام سے چلنے مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز واقع بہادر آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واشگاف الفاظ میں امریکا میں ''فری کراچی '' کے نام سے چلنے والی ملک دشمن مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہیں اور اس سازش کو پاکستان کی سرزمین پر ہرگز کامیاب نہ ہونے دینے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں نے اب یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہیں، لوگوں کو گمراہ کرنے کی سیاست نہیں کرنے دیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ایسی ہر سازش کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر آئی تھی اور ایسی سازش کو ہم ناکام بنا دیں گے، ایم کیو ایم پاکستان کا ایک وفد کل نقیب اللہ محسود کے گھر جائے گا اور احتجاجی کیمپ کا دورہ اور اظہار یکجہتی کرے گا جبکہ دوسرا وفد انتظار صدیقی کے گھر جائے گا اور وہاں پر راؤ وانوار کے حوالے سے تفصیلی بات ہوگی، ہم نشاندہی کر رہے ہیں کہ سالوں سے جاری ریاستی جبر کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، انشا اللہ 2018 کا الیکشن جیتنے کے بعد آئندہ 5 سال میں کراچی والے پیچھے مڑ کر دیکھنے والے نہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کنوینرز کنور نوید جمیل ، کامران ٹیسوری ، رابطہ کمیٹی کے اراکین امین الحق ، خواجہ اظہار الحسن ، فیصل سبزواری ، قمر منصور ، شبیر قائم خانی، خالد سلطان ، زاہد منصوری اور شاہد علی بھی موجود تھے۔

فاروق ستار نے کہا کہ چند مٹھی بھر لوگوں کی خواہش اور حسرت ہے کہ وہ لوگوں کو گمراہ کریں اور گمراہ کرکے اپنی سیاست چمکانے کی بات کریں وہ بھی ملک سے کوسوں دور بیٹھ کر تو ایم کیو ایم پاکستان اس کی ہرگز ہرگز اجازت نہیں دے گی، انھوں نے کہا کہ بیرون ملک ہم بھی انشا اللہ جوابی مہم چلائیں گے۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہاکہ 3 پاکستانی شہریوں کو کراچی میں ریاستی جبر اور استبداد کے ذریعے مارا گیا، خون ناحق ہوا ہے، جنھوں نے کیا ہے ان کی مذمت کرتے ہیں اور اس میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، لیکن کسی ایسی صورتحال کو لیکر جو ہمارا اور گھر کا معاملہ ہے کسی کو اس صورتحال کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ملک کا سیاسی منظر نامہ آپ کے سامنے ہے، کراچی میں گزشتہ دنوں جو واقعات ہوئے صورت حال آپ کے سامنے ہے، اب اگر یہاں حکومت اور بالخصوص حکومت سندھ کی ناکامی کا معاملہ ہو ، پیپلزپارٹی کی نااہلی کا معاملہ ہو اور براہ راست اس کے زیرتحت آنے والا ادارہ جو پولیس کہلاتا ہے، اس کے کچھ افسران اور اہلکار ہیں بشمو ل راؤ انوار کے جو ماورائے عدالت و آئین اقدام ہوئے اس کی ہر خاص و عام نے مذمت کی ہے، اسے غیر آئینی و غیر قانونی عمل کہا ہے، ہمارے نزدیک ظاہر ہے کہ یہ حکومت کی نااہلی، ناکامی اور بد ترین حکمرانی کا ساخشانہ ہے۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ اگلے 5 سال پاکستان میں کراچی ، سندھ کے شہری عوام کے احساس محرومی کے خاتمے کے سال ہیں، ایم کیوایم پاکستان کی موبلائزیشن میں اضافہ ہورہا ہے، ایم کیوایم دفاتر کھول رہی ہے، اب کوئی ہمیں منفی عزائم کیلیے استعمال کرنے کی کوشش نہ کرے، یہ کراچی والوں کا واضح اور صاف جواب ہے ان لوگوں کو جو ایک کراچی فری کیمپین چلا رہے ہیں، وہ پھر سے نفرتوں کے بیج بونے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم کسی کے مذموم عزائم کیلیے کراچی میں لوگوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی اب کسی فریب میں نہیں آئے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں