زرداری ٹولے کی لوٹ مار نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا یوم حساب آپہنچا شہباز شریف

عوام پیپلزپارٹی کی کرپشن کی سیاست کا جنازہ نکال دینگے، خان صاحب کھلی آنکھوں سے دیکھیں تو پتہ چلے انقلاب کسے کہتے ہیں.


Numainda Express/APP March 25, 2013
ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرینگے، خطاب، مفتی منیب اور دیگر سے ملاقات، دسویں کے سلیبس میں حذف شدہ اسباق دوبارہ شامل کرنیکا حکم۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ زرداری ٹولے کی لوٹ مار اور قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے کی بدترین پالیسی نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے عوام کو غربت، بیروز گاری اور لوڈ شیڈنگ کے تحفے دیے ہیں جنھیں عوام کبھی بھی نہیں بھلا پائیں گے۔ کرپشن کے بادشاہوں کا یوم حساب آن پہنچا ہے۔ عوام آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کرپشن کی سیاست کا جنازہ نکال دیں گے۔ اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اپنے ووٹ کے ذریعے خدمت کا موقع دیا تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط ملک بنائیںگے۔

قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور لاہورکے اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں اور عہدیداروں کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ تبدیلی کا نعرے لگانے والے' بڑے خان صاحب' گزشتہ 5برس میں پنجاب میں ہونے والی بے مثال ترقی اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھیں تو انھیں علم ہو جائے گاکہ انقلاب اور تبدیلی کسے کہتے ہیں۔ جس جماعت کے عہدیداروں میں قبضہ ما فیا اور ایسے افراد کے نام سامنے آئیں جن کیخلاف قتل کے مقدمات درج ہیں، انھیں تبدیلی یا انقلاب کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔

5

علاوہ ازیں وزیراعلٰیٰ پنجاب نے دسویں جماعت کے سلیبس سے بعض اسباق حذف کیے جانے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ اسکولز اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے حکام کوحذف شدہ اسباق فوری طور پر دوبارہ سلیبس میںشامل کرنے اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ دریں اثنا تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمٰن اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل پیر سیّد محفوظ مشہدی نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اجلاس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اہل سنت کو انتخابات میں بھرپور نمائندگی دی جائیگی اور پارٹی کے ٹکٹوں کے بارے میں بھی مشاورت کی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں