سلمان خان بھی عامر خان کے نقش قدم پر

سلمان خان نے نئی فلم میں اپنے مخصوص دبنگ انداز کو اپنانے کے بجائے 5 مختلف انداز میں آنے کا فیصلہ کیا ہے


ویب ڈیسک January 24, 2018
فلم ’بھارت‘ 2019 میں عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ فوٹو؛فائل

بالی ووڈ سلطان سلمان خان نے بھی مسٹر پرفیکسنٹ عامر خان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کی اداکاری کے تو سب ہی معترف ہیں لیکن کردار کے چناؤ کے حوالے سے بھی بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کا کوئی ثانی نہیں اور کردار میں ڈھلنے کے لیے وہ ہر حد پار کرجاتے ہیں جس کی واضح مثال ہمیں ان کی حالیہ بلاگ بسٹر فلم 'دنگل' میں دکھائی دیتی ہے۔ اس کے برعکس بالی ووڈ کے سلطان ہر کردار میں اپنا مخصوص دبنگ انداز ہی اپناتے ہیں لیکن اب انہوں نے بھی عامر خان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے ہدایت کار علی عباس ظفر کے ساتھ 2 بلاگ بسٹر فلمیں 'سلطان' اور 'ٹائیگر زندہ ہے' کرنے کے بعد اپنی نئی فلم 'بھارت' میں بھی ہدایت کاری کے فرائض علی عباس کے سپرد کیے جو 2019 میں عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ کنگ خان کی فلم 'زیرو ' کے ٹیزر نے دھوم مچادی

رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے نئی فلم میں اپنے مخصوص دبنگ انداز کو اپنانے کے بجائے 5 مختلف انداز میں آنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ اسپیشل ایفکٹس کا استعمال کریں گے اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس کے لیے وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کی مدد بھی حاصل کریں جس کے ذریعے شاہ رخ خان اپنی نئی فلم 'زیرو' میں بونے کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ہدایت کار کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی بہت اچھی ہے اور ہر کردار دوسرے سے مختلف ہوگا اور ہر کردار وقت اور زندگی کی مناسبت سے دوسرے سے نیا ہوگا یعنی تمام کردار وقت کے گرد گھومیں گے۔

واضح رہے فلم 'بھارت' کی کہانی ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو 1947 میں اپنے سفر کا آغاز کرتا ہے اور یہ سفر 2002 میں ختم ہوتا ہے، درحقیقت فلم کی کہانی 2014 میں ریلیز ہونے والی ایک کورین فلم سے اخذ کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں