بچوں سے زیادتی اور قتل میں بااثر لوگ ملوث ہیں عمران خان

رانا ثناء نے قصور میں بچوں سے زیادتی کے ویڈیو اسکینڈل کو زمین کا جھگڑا قرار دے کر رد کردیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک January 25, 2018
رانا ثناء اللہ نے ویڈیو اسکینڈل کو زمین کا جھگڑا قرار دے کر رد کردیا تھا،عمران خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قصور کے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ایک مضبوط جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی اور قتل میں بااثر لوگ ملوث ہیں۔



عمران خان نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ زینب کے قاتل کی گرفتاری کے بعد بچوں سے زیادتی اور قتل سے متعلق ایک منظم گروہ کے آثار سامنے آرہے ہیں جو کہ بچوں کی پورنو گرافی میں ملوث ہے، ہمیں پتا لگا ہے کہ عمران علی کے کئی بینک اکاؤنٹس موجود ہیں جس سے ظاہرہوتا ہے کہ بچوں کے خلاف زیادتی اور قتل میں بااثر لوگ شامل ہیں۔



عمران خان نے ایک اور ٹوئٹ میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط جے آئی ٹی قصور کے ویڈیو اسکینڈل کی بھی تحقیقات کرے جب کہ رانا ثناء اللہ نے ویڈیو اسکینڈل کو بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمین کا جھگڑا قرار دے کر رد کردیا تھا۔



عمران خان نے کہا کہ عمران علی کے بینک اکاؤنٹس کے معاملے کو متنازع بنانا افسوس ناک ہے ضرورت ہے کہ ہم سنسنی سے گریز کرتے ہوئے ایک بااختیار جے آئی ٹی بنانے کے لیے دباؤ بڑھائیں تاکہ زینب اور قصور کے دیگر بچوں کے ساتھ بیتے گئے ہولناک المیے کی تحقیقات کی جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں