امن کی بھارتی خواہش محض مبالغہ آرائی ہے پاکستان

ہتھیاروں کی دوڑاوردفاعی تیاریوںسے غافل نہیں،اپنی دفاعی ضروریات کیلیے ہرممکن اقدام کرینگے،ترجمان دفترخارجہ

انڈونیشیامیں گرفتارپاکستانی ذوالفقارکی رہائی کیلئے کوششیںکررہے ہیں،پریس بریفنگ۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی خطے میں امن و استحکام کی خواہش مبالغہ آرائی کے سواکچھ نہیں۔

ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کا روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کاحصول اور میزائل تجربات خطے میں امن واستحکام پرمنفی اثرات مرتب کرینگے۔بھارت کی خطے میں امن و استحکام کی خواہش مبالغہ آرائی کے سواکچھ نہیں،بھارت کی اعلان کردہ پالیسی اورخطے میں اسکی سرگرمیوں میں واضح فرق ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ تصادم نہیں تعاون ہی خطے میںامن واستحکام کا واحد راستہ ہے۔ افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہاکہ پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میںمصالحتی عمل کی مکمل حمایت کرتاہے،افغانستان کا دیرینہ تنازعہ صرف پر امن مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ امریکا افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی میں تعاون کرے۔ ترجمان نے کہا کہ 1829 جیدپاکستانی علما نے خود کش حملوں اور ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے کے حوالے سے فتویٰ جاری کیا تھا، یہ فتویٰ کسی جغرافیائی حدود تک محدود نہیںبلکہ عالمگیر نوعیت کاتھا۔


ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کالعدم جماعتوں و شخصیات پر پابندیوں کی نگرانی کرنیوالی اقوام متحدہ کی کمیٹی کی ٹیم پاکستان کے دوروزہ دورے پر ہے،ٹیم کوپاکستان میںکالعدم تنظیموںوشخصیات پر پابندیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اسکے علاوہ انھیں خطے میں دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا گیا۔

دوسری جانب انڈونیشیامیں منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار پاکستانی شہری ذوالفقارسے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ وزارت خارجہ ان کی رہائی کیلیے تمام کوششیں کررہی ہیں، ذوالفقارکی رہائی کیلیے انڈونیشین حکام سے اپیل بھی کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں آسٹریا میں ایک پاکستانی سفارتی اہلکار غائب ہے اس کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ترجمان نے چین میں پاکستانیوں کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

 
Load Next Story