کچرا جلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

لینڈ فل سائٹس کے علاوہ کسی دوسری جگہ کچرا پھینکنے پر کارروائی ہوگی،گاڑی ضبط اور ڈرائیور کو گرفتار کیا جائیگا۔


Staff Reporter January 26, 2018
متعلقہ ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کیساتھ کچرا اٹھانے کا نظام ٹھیک کر نیکی کوششوں میں تعاون کرینگے، کمشنر۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ لینڈ فل سائٹس کے علاوہ کہیں بھی کچرا پھینکنے پر کارروائی ہوگی۔

کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت بلدیاتی اداروں کے اجلاس میں ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچیI، فرحان غنی ، ڈی آئی جی پولیس غربی، ذوالفقار لارک سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ، منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر اے ڈی سجنانی ،تمام ڈپٹی کمشنرز ،تمام ضلعی بلدیات کے میونسپل کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ کراچی، کنٹونمنٹ بورڈز ، ڈی ایچ اے، پاکستان ریلویز، کے پی ٹی اور دیگر شہری و بلدیاتی اداروں کے سینئر افسران نے شر کت کی، کمشنر کراچی نے شہر میں کچرا جلانے کے واقعات کا نوٹس لیا اور کچرا جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

کمشنر نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں کچرا جلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں، تمام اضلاع میں کچرا جلانے پر پابندی عاید کی جائے گی، اجلاس میں کراچی میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاتمام بلدیاتی ادارے کراچی میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے ، کچرا اٹھانے اور انھیں مقررہ لینڈ فل سائٹس پر ٹھکانے لگانے کیلیے موثر اقدامات کریں گے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کی حدود میں صفائی کی صورتحال کو بہتر ہو اجلاس نے اس بات کا نو ٹس لیا کہ بعض ادارے کچرا ٹھکانے لگانے کے لے لینڈ فل سائٹس کا استعمال نہیں کر رہے ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اجلاس کو ان ادارں کی نشاندہی کی جو اپنے علاقوں کا کچرا لینڈ فل سائٹس میں ٹھکانے لگانے میں ناکام رہے ہیں، فیصلہ کیا گیا کہ تمام بلدیاتی ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کی گاڑیاں لینڈ فل سائٹس کے علاوہ شہر میں کسی بھی جگہ کچرا نہ پھینکیں جو گاڑیا ں کچرا پھینکتے ہوے پائی گئیں وہ ضبط کر لی جائیں گی اور ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا جا ئے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ کچرا اٹھانے کا نظام ٹھیک کرنے کی کوششوں میں تعاون کریں گے، کچرا اٹھانے اور لینڈ فل سائیٹس پر ٹھکانے لگانے کی روزانہ کی رپورٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو باقاعدگی سے بھیجیں گے،کمشنر نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا بنانے کی حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں بلدیاتی اور شہری ادارے اپنا کر دار ادا کریں، انھوں نے کہا کہ کراچی میں صفائی کا نظام ٹھیک کر نے کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمے داریاں پوری کرنی چاہئیں۔

کمشنر کراچی نے شہر میں کچرا جلانے کے واقعات کا نوٹس لیا اور کچرا جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے،کمشنر نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں کچرا جلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں، فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں کچرا جلانے پر پابندی عائد کی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں