سندھ کے اسپتالوں میں 7 سال سے 1500 ڈاکٹرز کے غیر حاضر ہونے کا انکشاف

اخبارات میں اشتہارات کے بعد غیرحاضر ڈاکٹرز اور عملے کو برطرف کردیا جائے گا، سیکرٹری صحت سندھ


ویب ڈیسک January 26, 2018
اخبارات میں اشتہارات کے بعد غیرحاضر ڈاکٹرز اور عملے کو برطرف کردیا جائے گا، سیکرٹری صحت سندھ : فوٹو : فائل

لاہور: سیکرٹری صحت سندھ فضل اللہ پیچوہو نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2011 سے اب تک 1500 ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریوں سے غیر حاضر پائے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں صوبے کے سرکاری اسپتالوں کی ابتر صورتحال پر کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری صحت سندھ فضل اللہ پیچوہو نے صوبے کے 34 اسپتالوں سے متعلق 258 صفحات پر مشتمل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔

سیکرٹری صحت سندھ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمے کو ڈاکٹرز، اسٹاف نرس، نرسز اور طبی عملی کی شدید کمی کا سامنا ہے جب کہ 2011 سے لے کر اب تک 1500 ڈاکٹرز غیر حاضر پائے گئے جن میں 12 سو 13 میڈیکل آفیسرز، 139 وومن میڈیکل آفیسر اور 148 سینیئر میڈیکل افسر شامل ہیں، اور حال ہی میں 5 ہزار 402 ڈاکٹرز کو مختلف اسپتالوں میں بھرتی کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چیف جسٹس کا کراچی کے اسپتالوں کی حالت زار پر از خود نوٹس

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیرحاضر ڈاکٹرز اور عملے کی برطرفی کے لئے سمری وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کردی گئی ہے اور اخبارات میں اشتہارات کے بعد مذکورہ افراد کو برطرف کردیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرز کی غیر حاضری کے بعد اب اسٹاف حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیومیٹرک سسٹم نافذ کردیا گیا ہے جب کہ طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لئے شفاف تقرریوں کا عمل بھی جاری ہے اور آلات جراحی و دیگر مشینری کے لئے ٹینڈر جاری کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 8 جنوری کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کراچی کے اسپتالوں کی حالت زار پر از خود نوٹس لیتے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ کو ذاتی طور عدالت طلب کیا تھا اور تمام اسپتالوں سے طبی آلات ، ادویات، مشینری اور ڈاکٹروں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں