نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دوسرے دن بھی بےنتیجہ ختم

حکومت کے ناموں پر اپوزیشن نے بے بنیاد اعتراضات لگائے جنہیں دلائل کے ساتھ مسترد کردیا گیاہے، رانا ثنا اللہ

6 رکنی پارلیمانی کمیٹی کوکل رات بارہ بجے تک نگران وزیراعلیٰ کے نام کا حتمی فیصلہ کرنا ہوگا۔ فوٹو فائل

پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس دوسرے روز بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا ہے۔

لاہور میں رانا ثنااللہ، مجتبیٰ شجاع الرحمان، اقبال چنڑ، چوہدری ظہیر، شوکت بسرا اور ذوالفقار گوندل پر مشتمل 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی نے دوسرے روز بھی نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان، خواجہ ظہیر، جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین اور نجم سیٹھی کے ناموں پر غور کیا گیا، تاہم اجلاس کسی بھی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوگیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن کے رکن چوہدری ظہیر الدین کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوسرے روز چاروں ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا تاہم کمیٹی کسی بھی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی، امید ہے کہ کل تک نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق کرلیا جائے گا ۔


رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپوزیشن کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں پر پر کوئی اعتراض نہیں دونوں افراد بے داغ ہیں تاہم ہمارے دونوں ناموں پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ق) کو اعتراضات ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں پر اپوزیشن نے بے بنیاد اعتراضات لگائے ہیں جنہیں انہوں نے دلائل کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے اپنی جانب سے پیش کئے گئے دونوں ناموں پر کسی بھی جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا لیکن مسلم لیگ (ن) کے مجوزہ ناموں پر مختلف سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہوئی ہے اس لئے ہم نے اپوزیشن سے درخواست کی ہے کہ اپوزیشن حکومت کی جانب سے مجوزہ ناموں میں سے کسی کا انتخاب کریں۔

واضح رہے کہ آئین کے تحت پارلیمانی کمیٹی کے پاس نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق کے لئے کل تک کا وقت ہے جس کے بعد معاملہ الیکشن کمشین میں چلا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story