پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار مقرر کرنیکی منظوری

تاجکستان کو30ہزار ٹن چینی برآمد کی جائیگی، اجلاس میں ہائی اوکٹین کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے کی بھی مشروط منظوری

تاجکستان کو30ہزار ٹن چینی برآمد کی جائیگی، اجلاس میں ہائی اوکٹین کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے کی بھی مشروط منظوری

ISLAMABAD:
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تجرباتی بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار بنیادوں پرمقررکرنے،3 لاکھ ٹن کھاد درآمد کرنے اور پی ایس او کو 6 ماہ کے کریڈٹ پر ٹرم کنٹریکٹ کی بنیاد پر ایک سال کیلیے فرنس آئل خریدنے سمیت واپڈا کو منگلا ڈیم ریزنگ، گومل زام ڈیم،کچی کینال ، رینی کینال سمیت دیگر ڈیموںکی تعمیرکیلئے 10ارب روپے کی گارنٹی دینے کی منظوری دیدی تاہم قرضے کی واپسی کا فیصلہ ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیٹی کی سربراہی میں قائم کمیٹی کریگی ، تاجکستان کو 30ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

ای سی سی کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا جس میں کاشتکاروںکی سہولت کیلیے 50 کلو کھادکی بوری کی قیمت ڈیڑھ سوروپے کی مزیدکمی کے ساتھ 1450 روپے کرنے کی تجویز دی گئی اور 6 لاکھ ٹن یوریا درآمدکرنے کی سفارش کی گئی تاہم کمیٹی نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 3 لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دی لیکن قیمت میں کمی کی تجویز کو تسلیم نہیںکیا ۔اجلاس میں وزارت پٹرولیم کی طرف سے تیل کی قیمتیں ہفتہ وار بنیادوں پر مقرر کرنے کی سمری کی بھی منظوری دی گئی تاہم کہاگیا کہ قیمتیں تجرباتی بنیادوں پرہفتہ وار مقرر کی جائیں گی ۔


اجلاس میں ہائی اوکٹین کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے کی بھی مشروط منظوری دی گئی،اس طرح ہائی اوکٹین کی قیمت پر فریٹ ختم ہوجائے گا اور ملک بھر میں اس کی یکساں قیمت نہیں ہوگی ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کی طرف سے قلیل المدت اور طویل المدت ایل این جی درآمد کے حوالے سے تجویز کردہ فریم ورک کی بھی اصولی منظوری دیدی ہے اور تکنیکی گروپ قائم کردیا جو اعتراضات کے حوالے سے جائزہ لے کر رپورٹ تیار کریگا۔

اجلاس میں واپڈا کو منگلا ڈیم ریزنگ،گومل زام ڈیم،کچی کینال ،رینی کینال سمیت دیگر ڈیموںکی تعمیرکیلئے 10ارب روپے کی گارنٹی دینے کی بھی منظوری دی گئی تاہم قرضے کی واپسی کا میکنزم و دیگر معاملات ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن کی سربراہی میں قائم کمیٹی طے کرے گی ۔دریں اثناء ای سی سی نے تاجکستان کو 30ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی جو حکومت کی سطح پر فروخت کی جائیگی ۔
Load Next Story