آئندہ انتخابات نئے پاکستان کا ریفرنڈم ثابت ہوں گے نوازشریف

کیا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا باپ کا جرم ہوتا ہے، نوازشریف


ویب ڈیسک January 27, 2018
کیا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا باپ کا جرم ہوتا ہے، نوازشریف ۔ فوٹو : فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایک نئے پاکستان کا ریفرنڈم ہوگا۔

جڑانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں، لیکن مجھے ہمیشہ ایک سازش کے تحت ملک کی خدمت سے روکا گیا، 1999 میں بجلی کی کمی نہیں تھی، دہشت گردی کا نام و نشان نہیں تھا ملک ترقی کررہا تھااور پاکستان ایشین ٹائیگر اور ایٹمی طاقت بن کرابھر رہا تھا لیکن مشرف نے مارشل لا لگا کرستیا ناس کردیا۔



نوازشریف کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد جس ملک کی باگ ڈور ہمارے ہاتھوں میں تھمائی گئی وہ مکمل طور پر معاشی بدحالی کا شکار تھا، ملک بھر میں دہشت گردی اور قتل غارت گری جاری تھی، لوڈ شیڈنگ کا عذاب عوام پر مسلط کردیا گیا تھا، عوام بے روزگاری کے باعث خودکشیوں پر مجبور ہوگئے تھے لیکن ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کی حالت یکسر تبدیل کردی، میرے دور میں ڈرون حملے بند ہوگئے تھے، میں نے خود امریکی صدر اوباما سے کہا تھا پاکستان آزاد ملک ہے کوئی ڈرون حملہ نہیں کرسکتا، لیکن جیسے ہی مجھے نااہل قرار دیا گیا ڈرون حملے پھر شروع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو بجلی کی تار سے ڈرنے والے بھی ہم سے ٹکر لینے آرہے ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ میں بڑے زور اور جوش میں ہوں میرے اورعوام کے درمیان مت آؤ، کیوں کہ عوام میری اور میں عوام کا ہوں، مجھے 5 سال کیا پوری زندگی کے لئے بھی نااہل کردیا جائے تو عوام سے رشتہ نہیں ٹوٹے گا۔



سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں خالی کرسیوں کا جمِ غفیر تھا آج کا جلسہ دیکھ کرقوم فیصلہ کرے کہ اِس جلسے کے شرکا کا مقابلہ کہاں اورجو کون کرسکتا ہے، مجھے نااہل کرنے والے بھی دیکھ لیں کہ عوام اس فیصلے کو نہیں مانتے، کیا بیٹے سے تنخواہ نہ لینا باپ کا جرم ہوتا ہے، مجھے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے اسمبلی میں بھیجا تھا لیکن چند لوگوں کو پاکستانی عوام کے ووٹ کی اہمیت کا خیال نہیں، آئندہ انتخابات میں ایک نئے پاکستان کا ریفرنڈم ہوگا اور مجھے دوبارہ اسمبلی میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، عوام اپنے ووٹ سے سارے فیصلے مسترد کردے گی۔

اس سے قبل جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کیا آپ کو ایسا پاکستان چاہیئے جہاں عوام کے ووٹوں کی اہمیت نہ ہو، جہاں عوام کے ووٹوں سے منتخب وزیر اعظم کو انصاف نہ ملے، اسے کرپشن نہ ڈھونڈ پانے پر اقامہ کی بنیاد پر نکال دیا جائے، سزا پہلے دی جائے اور مقدمے بعد میں چلائے جائیں، آئین توڑنے والے پرویز مشرف کو بلانے کی جرات نہ ہو۔



رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ اور فیصل آباد سے جیت ہمیشہ (ن) لیگ کی ہوتی ہے، عوام کو پتا تھا کہ پاناما میں نواز شریف کا نام تک نہیں تھا، نوازشریف سے3 نسلوں کاحساب لیا گیا لیکن نوازشریف کے خلاف ایک پیسےکی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، عمران خان نے اپنی کمپنی تسلیم کی پھر بھی اسے صادق اورامین قرار دیا گیا، اللہ تعالیٰ کے بعد سب سے بڑی عدالت عوام کی ہوتی ہے، 70 سال میں ایک بھی منتخب وزیر اعظم مدت پوری نہیں کرپایا، اٹھو سازشی مہروں کو سبق سکھا دو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں