سنجے دت کو سزا

فلم سازوں کے کروڑوں روپے ڈوب جانے کا خدشہ


Ain Sheen March 25, 2013
فلم سازوں کے کروڑوں روپے ڈوب جانے کا خدشہ۔ (فوٹو ایکسپریس)

MELBOURNE: سنجے دت کو بالآخر بھارتی سپریم کورٹ نے، ماہ رواں کی 21 تاریخ کو، بیس سال پرانے ممبئی دھماکوں کے مقدمے میں پانچ سال کی سزا سنادی ہے۔

اس سزا میں ڈیڑھ سالہ کا وہ عرصہ بھی شامل ہے جو سپراسٹار نے 1994ء اور 1995ء میں جیل میں گزارا تھا۔ اس طرح اب ہردل عزیز اداکار کو ساڑھے تین برس مزید جیل میں گزارنے ہوں گے۔ فیصلے کے مطابق سنجے دت خود کو چار ہفتے کے اندر قانون کے حوالے کرنے کا پابند ہے۔

سنجے دت کی سزا پر فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ ساتھ اس کے پرستار بھی رنجیدہ ہیں۔ دوسری جانب اس فیصلے سے وہ فلم ساز پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں جن کی فلمیں زیرتکمیل ہیں اور جنھوں نے سپراسٹار کو اپنی فلموں میں کاسٹ کر رکھا تھا۔ ایک خبر کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد فلم سازوں کے تقریباً ایک ارب روپے داؤ پر لگ گئے ہیں۔ ذیل کی سطور میں ہم ان زیرتکمیل فلموں کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں سنجے دت مرکزی اداکار کی حیثیت سے شامل ہے۔

پولیس گیری
یہ فلم ایک تامل فلم '' سیمی'' کا ری میک ہے۔ '' سیمی'' 2003ء میں ریلیز ہوئی تھی اور سپرہٹ رہی تھی۔ سنجے '' پولیس گیری'' میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے، جب کہ پراچی ڈیسائی کو اس کی ہیروئن کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر کے ایس روی کمار کی اس فلم کی 95 فی صد شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ اس ایکشن فلم کی ریلیز کے لیے 14 جون کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ سپراسٹار اس فلم میں ایک پولیس والے کا رول کر رہا ہے۔

پی کے
ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی اور سنجے دت کے ساتھ نے بولی وڈ کو '' منّا بھائی'' سیریز سمیت کئی سپرہٹ فلمیں دی ہیں۔ گذشتہ برس ڈائریکٹر نے سپراسٹار کو اپنی فلم '' پی کے'' میں کاسٹ کیا تھا۔ اس فلم کے دیگر اداکارں میں عامر خان،انوشکا شرما اور سشانت سنگھ شامل ہیں۔ سنجے دت کا اس فلم میں کردار مختصر مگر اہم ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ '' پی کے'' کی شوٹنگ ان دنوں راجستھان کے قصبے منڈاوا میں جاری ہے۔ یہ فلم راج کمار ہیرانی اور عامر خان کی مشترکہ پروڈکشن ہے، اور انھوں نے کرسمس پر اس فلم کی ریلیز کا اعلان کیا تھا، تاہم موجودہ صورت حال میں اس فلم کے مستقبل کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

اُ نگلی
'' قربان'' کی ہدایت کاری سے شہرت حاصل کرنے والے ڈائریکٹر رینسل ڈی سلوا کی یہ دوسری فلم ہے۔ سنجے کے علاوہ اس فلم میں عمران ہاشمی، کنگنا رناوت اور نیہا دھوپیا اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اس فلم کی 70 فی صد شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

زنجیر
امیتابھ بچن کی مشہور زمانہ فلم کے ری میک میں سنجے دت کو شیر خان کے کردار میں منتخب کیا گیا ہے۔ اوریجنل '' زنجیر'' میں یہ کردار پران نے ادا کیا تھا۔ رام چرن تیجا، پریانکا چوپڑا اور پرکاش راج کاسٹ میں شامل دیگر نمایاں اداکار ہیں۔ یہ فلم مئی میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |