فلموں کی ہیروئن نہیں ڈائریکٹر بننا چاہتی ہوں

اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنا ضروری ہے، سنجیدہ شیخ


Muhammad Imran March 26, 2013
چھوٹے پردے کی مقبول اداکارہ سنجیدہ شیخ سے بات چیت۔ فوٹو : فائل

UCH SHAREEF: چھوٹے پردے کے ناظرین اس خوب رُو اور باصلاحیت اداکارہ سے اچھی طرح واقف ہیں۔

وہ '' کیا ہوگا نمّو کا''، '' قیامت''، '' کیا دل میں ہے''، '' جانے پہچانے سے یہ اجنبی'' اور '' پیا کا گھر پیارا لگے'' جیسے ڈراموں میں اس کی بہترین اداکاری سے لطف اندوز ہوچکے ہیں۔ حقیقت سے قریب تر اور فطری اداکاری سنجیدہ شیخ کی پہچان ہے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ سنجیدہ کو رقص میں بھی ملکہ حاصل ہے۔

سنجیدہ اور اس کے اداکار شوہر، عامر علی پر مشتمل جوڑی اسٹار پلس سے نشر ہونے والے ڈانس ریئلٹی شو '' نچ بلیے تھری'' کی فاتح رہی تھی۔ چھوٹی اسکرین کے ناظرین اب اسے نئی ڈراما سیریل'' بدلتے رشتوں کی داستان'' میں دیکھ رہے ہیں۔ یہ ڈراما سیریل زی ٹی وی سے نشر ہورہی ہے اور روی اوجھا پروڈکشنز کی پیش کش ہے۔

سنجیدہ اس سیریل کی مرکزی اداکارہ ہے۔ یہ سیریل دراصل ایک بنگالی ڈراما سیریل'' کھیلا'' کا ری میک ہے جو ایک دہائی قبل نشرہوئی تھی اور عوام الناس نے اسے بہت پسند کیا تھا۔

نئے ڈراما سیریل میں اپنے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے اداکارہ کہتی ہے،'' میں اس سیریل میں ایک آزاد منش اور لااُبالی لڑکی میرا کا رول کررہی ہوں۔ وہ بہ ظاہرمضبوط اور حوصلہ مند نظر آتی ہے، پر درحقیقت وہ خوف زدہ ، عدم تحفظ کا شکار اور جذباتی ہے۔ وہ ہمہ وقت کسی کی تلاش میں رہتی ہے۔ '' سنجیدہ کا کہنا ہے کہ اس کردار کی ادائیگی اس کے لیے مشکل ثابت ہورہی ہے کیوں کہ یہ ایک پیچیدہ کردار ہے۔ تاہم اداکارہ اپنے کرداروں پر سخت محنت کرنے کی عادی ہے، اسی لیے اس رول میں بھی اس کی اداکاری پسند کی جارہی ہے۔

سنجیدہ نے کیا سوچ کر اس ڈراما سیریل کا انتخاب کیا؟ اس سوال کا جواب اداکارہ نے یوں دیا،'' کیریئر کے اس مرحلے پر میرے لیے ضروری ہے کہ میں اچھے لوگوں کے ساتھ کام کروں۔ اس سے قبل میں نے اس طرح کا رول کبھی نہیں کیا۔ میں نے روی اوجھا پروڈکشنز کے بارے میں سن رکھا تھا۔ اس پروڈکشن ہاؤس کے کریڈٹ پر ' سسرال گیندہ پھول'' جیسی کام یاب سیریل تھی۔ میری خوش قسمتی کہ مجھے اس پروڈکشن ہاؤس کی سیریل میں اداکاری کرنے کا موقع ملا ہے۔اس سیریل کے سین اس مہارت سے لکھے گئے ہیں کہ میں مِیرا کے کرب کو بہ خوبی محسوس کرسکتی ہوں۔ راکیش کمار ایک بہترین ڈائریکٹر ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اداکاروں سے ان کی صلاحیت کے مطابق کیسے کام لیا جاتا ہے۔'' نئے ڈراما سیریل کے بارے میں سنجیدہ کہتی ہے کہ اس میں وہ سب کچھ موجود ہے جو چھوٹے پردے کے ناظرین دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ مکمل طور پر گھریلو ڈراما ہے۔

اس سیریل میں اپنے ملبوسات کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ پروڈیوسر اس سلسلے میں بہت محنت کررہے ہیں اور ناظرین اسے وقتاً فوقتاً مختلف طرح کے ملبوسات زیب تن کیے ہوئے دیکھیں گے۔ سنجیدہ کہتی ہے کہ اپنے کردار کے لیے ملبوسات کا انتخاب میں نے خود کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مجھے مختلف مشہور برانڈز کی دکانوں پر لے جایا گیا تھا، عام طور پر ٹیلی ویژن کی اداکاراؤں کو یہ اختیار نہیں دیا جاتا۔ اس دوران اگرچہ اسٹائلسٹ بھی موجود تھے مگر کپڑوں کے انتخاب میں میری رائے بھی لی گئی۔

آدیتی گپتا '' بدلتے رشتوں کی داستان'' کی دوسری مرکزی اداکارہ ہے۔ اس کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے سنجیدہ نے کہا،'' اس سے پہلے میں آدیتی کے ساتھ ریئلٹی شو' ذرا نچ کے دکھا' میں کام کرچکی ہوں۔ اس شو کے دوران ہم چار ماہ تک ایک ساتھ رہے تھے، لہٰذا میں اسے اچھی طرح جانتی ہوں۔ میں اس وقت بہت خوش ہوئی تھی جب مجھے پتا چلا کہ آدیتی کو نندنی کے رول میں سائن کرلیا گیا ہے۔ درحقیقت ہم اس شو میں ہیرو اور ہیروئن کی طرح ہیں ( مسکراہٹ) ہمارے متعدد سین ایک ساتھ ہیں۔ اگر دو اداکاروں کے درمیان اچھی ہم آہنگی ہو تو اسکرین پر ان کی پرفارمینس نکھر جاتی ہے۔

'' بدلتے رشتوں کی داستان'' میں بہت سے سین آؤٹ ڈور بھی فلمائے گئے ہیں۔ اس تجربے کے بارے میں سنجیدہ نے بتایا،'' آؤٹ ڈور شوٹنگ کی زیادہ تر لوکیشنز ممبئی میں یا اس کے مضافات میں ہیں، مجھے یہاں شوٹنگ کے دوران بہت مزہ آیا۔ ہم نے رشی کیش اور دھانولتی میں بھی شوٹنگ کی۔ ان پہاڑی مقامات پر برف باری کے دوران شوٹنگ کرنے کا الگ ہی لطف تھا۔

20 دسمبر 1984ء کو کویت میں جنم لینے والی سنجیدہ ایک سال قبل اپنے بوائے فرینڈ عامر علی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی۔ شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں سنجیدہ کے خیالات کچھ یوں ہیں'' زندگی بہت خوب صورت ہوگئی ہے! کیا میں آپ کو خوش دکھائی نہیں دے رہی؟ (مسکراہٹ) ہم نے اسی ماہ اپنی شادی کی پہلی سال گرہ منائی ہے۔ عامر میرا بہت خیال رکھتا ہے۔ درحقیقت وہ ہر لمحے مجھے حیران کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتا رہتا ہے۔

ایک روز میں ڈانس کی ریہرسل کے لیے ٹریک سوٹ پہنے ہوئے تھی جب اس نے مجھے ڈنر پر چلنے کی دعوت دی۔ ریسٹورنٹ میں پہنچ کر اس نے مجھ سے شادی کرنے کی درخواست کردی۔ میں تو حیران ہی رہ گئی تھی! میرے ذہن میں دور دور تک کوئی خیال نہیں تھا کہ وہ اس طرح مجھے پروپوز کرے گا۔

فلم انڈسٹری کا رُخ کرنے کے سوال پر سنجیدہ نے کہا،'' میرا بولی وڈ میں کوئی گاڈ فادر نہیں ہے۔ میں نے فلموں کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیا ہے۔ میں چھوٹی اسکرین پر ہی خوش ہوں۔ فلموں کی طرف جانے کے لیے آپ کا بہت زیادہ خوش قسمت ہونا ضروری ہے۔ محنت تو بعد کی بات ہے۔ فلموں کی اداکارہ تو نہیں البتہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضرور بننا چاہتی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں