5 ماہ میں چند بڑے معاشی اقدامات کریں گے مفتاح اسماعیل

ودہولڈنگ ریجیم سے ہٹ نہیں سکتے،ٹیکس ریٹ کم کرنے کیلیے کام جاری ہے،خطاب


Business Reporter January 28, 2018
رواں سال معیشت میں18ارب ڈالراضافہ ہوگا،ڈالرریٹ مارکیٹ کومقررکرنے دیا جائے، مشیر برائے خزانہ۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ 5 ماہ میں چند بڑے معاشی اقدامات کریں گے۔

انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) میں خطاب کے دوران مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 5 ماہ میں چند بڑے معاشی اقدامات کریں گے، رواں مالی سال معاشی نمو کی شرح 6 فیصد رہے گی جو10 سال میں بلند ترین شرح ہے اور300ارب ڈالر کی معیشت میں 18 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے،گیس بجلی کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، ان اقدامات سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 3 سال لگاتار ایکسپورٹ میں کمی کے تناظر میں ڈالر کی قدر کوفکسڈ رکھنا بڑی غلطی رہی ہے، اس سال انتہائی ضروری ہے کہ بجٹ خسارے کو کم کیا جائے، رواں مالی سال بجٹ خسارہ5 فیصد تک رکھنا انتہائی ضروری ہے، ایف بی آر کے ریونیو کا60 فیصد صوبوں کو فراہم کر دیا جاتا ہے۔

مشیر برائے خزانہ نے کہا کہ کسی کو نہیں پتا کہ روپے کے مقابلے ڈالر کا کیا ریٹ ہونا چاہیے لہٰذا مارکیٹ کو فیصلہ کرنے دیا جانا چاہیے کہ ڈالر کا کیا ریٹ ہو، رواں مالی سال 4 ہزار ارب روپے کے محاصل کا ہدف پورا کرلیں گے، اگر ایف بی آر نے 6 ہزار ارب روپے جمع کر لیے تب بھی 1200 ارب روپے کا مالی خسارہ ہوگا جو جی ڈی پی کا 4 فیصد بنتا ہے، معیشت کودستاویزی کررہے ہیں جسے ایمنسٹی کہا جا رہا ہے، ملک میں مستقل ایمنسٹی اسکیم جاری ہے، ایمنسٹی اسکیم متعارف کرنے سے قبل چور دروازے بند کرنے ہوں گے، چور دروازے بند نہ ہوئے تو ایمنسٹی اسکیم بھی ناکام ہوجائے گی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فروری تک برآمد کنندگان کے سیلزٹیکس ریفنڈز کی ادائیگیاں کردی جائیں گی، ملک میں 70 فیصد ریونیو ودہولڈنگ ٹیکس سے آتا ہے، ودہولڈنگ ریجیم سے ہم ہٹ نہیں سکتے، پالیسیاں مرتب کرنے اور ریونیو کی وصولیوں کو علیحدہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ اس طرح کا ہے کہ وفاقی بجٹ کبھی خسارے سے نہیں نکل سکتا، ٹیکس کی بنیاد کوبڑھانے کے لیے انفرادی ٹیکس ریٹ کم کریں گے، ٹیکس ریٹ کم کرنے کیلیے حساب کتاب جاری ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |