اسلام آباد یونائیٹڈ اور جی ایف سی فین میں معاہدہ طے پا گیا

پی ایس ایل 2 میں ہماری ٹیم کے 4 کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کیس میں پکڑے گئے جس سے ہمارا بہت نقصان ہوا، علی نقوی


Sports Reporter January 28, 2018
اسپاٹ فکسنگ سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں پر خود بھی نظر رکھیں، اسلام آباد یونائیٹڈ اونر علی نقوی ۔ فوٹو : ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ اور جی ایف سی فین بنانے والی کمپنی میں ایک سال کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور جی ایف سی فین میں معاہدے کی خصوصی تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اونر علی نقوی اور جی ایف سی فین کی جانب سے سی ای او محمد الیاس نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے سی ای او علی نقوی کا کہنا تھا کہ سابق کپتان وسیم اکرم کے ٹیم کو چھوڑ کر جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، انہوں نے ملتان کی ٹیم کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے تاہم ہمارے پاس بھی ان کا اچھا متبادل وقار یونس کی شکل میں مل گیا ہے۔ وقار یونس ایک محنتی اور کرکٹ کا وسیع علم رکھتے ہیں۔

علی نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں ہماری ٹیم کے چار اہم کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کیس میں پکڑے گئے تھے جن کی بنا پر ہمارا بہت نقصان ہوا تھا، مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں پر خود بھی نظر رکھیں اس کے ساتھ ساتھ اصل ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ پر عائد ہوتی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی کمپین کا آغاز کر دیا ہے۔ ہماری ٹیم 18 فروری کو دبئی چلی جائے گی جہاں چار روز کا کیمپ لگے گا، اس سے قبل ہماری کوشش ہے کہ اسلام آباد میں بھی کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا جائے، 15 فروری کو ون ٹری ون رن کے منصوبے کے تحت اسلام آباد کے نیشنل پارک میں 15 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :روزنامہ ایکسپریس اسلام آباد یونائیٹیڈ کا آفیشل میڈیا پارٹنر بن گیا



ایک سوال پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو علی نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر اچھا پیغام دیا ہے کہ گزشتہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنا اچانک اور غیر متوقع نہیں تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران، پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بنا اعزاز کی بات ہے، اس کامیابی کا پاکستان سپر لیگ کو بھی فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر جی ایف سی فین کے سی ای او محمد الیاس کا کہنا تھا کہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ کو اسپانسر کر رہے ہیں امید ہے کہ اس معاہدہ سے ہمارے بزنس میں بھی اضافہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں