کوئٹہ میں 13 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو دو روز میں ملزم گرفتار کرنے کی ہدایت دے دی۔


ویب ڈیسک January 29, 2018
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو دو روز میں ملزم گرفتار کرنے کی ہدایت دے دی، فوٹو: انٹرنیٹ

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں 13 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو دو روز میں ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں 13 سالہ ایک بچی نیم بے ہوشی کی حالت میں کچرے سے ملی، امدادی ادارے نے فوری طور پر بچی کو وہاں سے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا تاہم بچی اسپتال پہنچتے ہی جاں بحق ہوگئی۔

بچی کے بھائی کامران نے بتایا کہ وہ آدھے گھنٹے کے لیے گھر سے باہر گیا اور واپس آیا تو اس کی بہن گھر سے غائب تھی اور کچرے سے نیم بے ہوشی کی حالت میں ملی۔

سول اسپتال کی پولیس سرجن ڈاکٹر نور بلوچ نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق بچی کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے اور اسے تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے حتمی رپورٹ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔

ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ نے بتایا کہ قاتل کی نشاندہی کے لیے ڈی این اے سیمپل حاصل کرکے لاہور میں فرانزک لیبارٹری کو ارسال کردیا ہے جبکہ اہل خانہ کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں مزید تفتیش جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کو فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے دو روز میں ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں