ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش و برفباری کی پیش گوئی

بالائی سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات و صبح میں شدید دھند کا امکان

اسکردو میں منفی 7،کوئٹہ،گوپس،کالام، استور منفی5، قلات، چترال منفی 4 ریکارڈ۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کے روز مالا کنڈ، ہزارہ، مردان، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ بنوں، پشاور،کوہاٹ، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، قلات ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے تاہم اس دوران مالاکنڈ، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، گلیات، ناران، کاغان، مری، کشمیر اور گلگت بلتستان میں برف باری متوقع ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا امکان ہے۔


گزشتہ روز بھی مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق اسکردو منفی 7، کوئٹہ، گوپس، کالام، استور منفی5، قلات، چترال منفی 4، گلگت، راولاکوٹ، دیر، پاراچنار میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Load Next Story