محسود قبائل کا یکم فروری کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان

راؤ انوار کو کسی تیسری قوت نے قتل کردیا تو محسودقبائل ذمے دارنہیں ہوںگے، مقررین


Numainda Express January 29, 2018
دھماکوں میں معذور 75 بچوں کاحساب اورمتاثرین کومعاوضہ اداکیا جائے، جرگے سے خطاب۔ فوٹو؛ فائل

قبائل راؤ انوار کی گرفتاری اور سزاتک چین سے نہیں بیٹھیں گے تاہم محسود قبائل کیساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کیخلاف یکم فروری کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا دیا جائیگا۔

فلاحی تحریک محسود قبائل کی کال پرٹانک ٹاؤن ہال گراؤنڈ میں منعقدہ احتجاجی جلسہ سے تحریک کے صدر شیر پاؤ، کلیم اللہ ایڈووکیٹ،سعید انور محسود و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روپوش ایس ایس پی راؤانوارکو کسی تیسری قوت نے قتل کردیا تو اس کے ذمے دار محسود قبائل نہیں ہونگے، انہوں نے کہا کہ محسود قبائل کا استحصال کسی صورت قبول نہیں، زینب قتل کیس کے نامعلوم ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ نقیب اللہ محسود ودیگر قبائلیوں کے ماورائے عدالت قتل میں نامزد ملزم ایس ایس پی راؤانوارکاگرفتار نہ ہوناحکومت کی قبائل دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قبائل راؤانوار کی گرفتاری اور سزاتک چین سے نہیں بیٹھیں گے،محسود قبائل کیساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کیخلاف یکم فروری کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا دیا جائیگا، کراچی میں جاری دھرنا 30جنوری کو ختم کرکے شرکا اسلام آباد دھرنے میں اپنی شرکت یقینی بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں کی زد میں آکر معذور ہونے والے 75 بچوںکا حساب حکومت کو دینا پڑے گا،جیلوں میں بند ہزاروں قبائلی اور جنوبی وزیرستان کے لاپتہ افراد کو فی الفور رہا کیا جائے آپریشن راہ نجات کے دوران جاں بحق افراد کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو10لاکھ معاوضہ ادا اور نقیب محسود کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں