انڈر 19 ورلڈکپ پاکستان کو فائنل میں رسائی کے لیے بھارت کا چیلنج درپیش

میچ پاکستانی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب2:30 بجے ہوگا


Sports Desk January 29, 2018
آفیشلز کا اعلان، گرین شرٹس کامیابی کیلیے پُرعزم، پلیٹ فائنل میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹ سے قابو کرلیا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دوسرا سیمی فائنل پیر اور منگل کی درمیانی شب کھیلا جائیگا۔

انڈر19 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دوسرا سیمی فائنل پیر اور منگل کی درمیانی شب کھیلا جائیگا تاہم میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے شروع ہوگا، ایونٹ میں اگرچہ پاکستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی تھیں اور ابتدائی مقابلے میں گرین شرٹس کو افغانستان نے 5 وکٹ سے ہرادیا تھا لیکن اس کے بعد قومی جونیئر ٹیم نے آئرلینڈ کو 9 وکٹ سے مات دیکر اعتماد بحال کیا اور پھر سری لنکا کیخلاف 3 وکٹ سے ملنے والی فتح نے گرین شرٹس کو کوارٹر فائنل ( سپرلیگ ) میں پہنچادیا۔

اس مرحلے پر قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ جیسے مضبوط حریف کو 3 وکٹ سے قابو کرتے ہوئے فائنل فور میں جگہ بنائی، پاکستان اب تک دو بار ایونٹ کا فاتح بن چکا ہے اور تیسری بار چیمپئن بننے کی صورت میں وہ بھارت اور آسٹریلیا کی ہمسری کرسکتا ہے، یہ دونوں ممالک اب تک 3،3 بار انڈر19 ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرچکے ہیں۔

دوسرے سیمی فائنل کے لیے پال ولسن اور گریگوری بریتھ ویٹ کو آن فیلڈ امپائرز مقرر کیاگیا ہے، نائجل ڈگوئیڈ تھرڈ امپائر کی ذمے داری نبھائیں گے جبکہ لیگٹون روسیر فورتھ آفیشلز ہوں گے، سابق کیوی کپتان جیف کروو میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

پہلا سیمی فائنل اتوار اور پیر کی درمیانی شب افغانستان اور آسٹریلیا میں ہورہا ہے، علاوہ ازیں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب منعقدہ میچز میں سپر لیگ پلے آف سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 5 وکٹ سے مات دے دی، ناکام سائیڈ 47.2 اوورز میں 216رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، لیام بینکس74 اور ہیری بروکس66رنز بناکر نمایاں رہے، عفیف حسین اور حسن محمد نے 3،3 جبکہ قاضی عونیک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بنگلہ ٹیم نے ہدف 47.3 اوورز میں 5 وکٹ پر 220رنز بناکر حاصل کرلیا، عفیف حسین71اور سیف حسن59 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، ایڈم فنچ نے 2 وکٹیں لیں۔

پلیٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹ سے قابو کرلیا، ناکام سائیڈ کیلیے الیک ایتھنز نے110 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، فاتح الیون کیلیے ہاسیتھا بویاگوڈا نے 116 رنز بنائے، زمبابوے نے کینیڈا کو138رنز سے مات دیکر 11ویں پوزیشن حاصل کی، فاتح الیون نے 8 وکٹ پر 272رنز بنائے، ویسلے میڈہیور 93 رنز بناکر نمایاں رہے، کینیڈین ٹیم 134 پر ہمت ہارگئی، آکاش گل 60 رنز بناپائے، ویسلے نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ پرفارمنس دکھائی اور 24رنز کے عوض 4 شکار کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |