کوہاٹ میں رشتے سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ کو قتل کرنیوالا ملزم بیرون ملک فرار

عاصمہ کا قاتل تحریک انصاف کے ضلعی صدر کا بھتیجا ہے، پولیس


ویب ڈیسک January 29, 2018
عاصمہ کا قاتل تحریک انصاف کے ضلعی صدر کا بھتیجا ہے، پولیس فوٹو:ٹوئٹر

تحریک انصاف کے ضلعی صدر کے بھتیجے نے رشتے سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ عاصمہ بی بی کو قتل کردیا جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایبٹ آباد میں ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ بی بی چھٹیوں پر کوہاٹ آئی ہوئی تھی، گزشتہ روز اسے گھر کے باہر پہلے سے گھات لگائے ملزم نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا، عاصمہ کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔ مقتولہ کی میت اس کے آبائی علاقے لکی مروت منتقل کردی گئی جہاں اسے سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عاصمہ قتل کیس؛ پختونخوا پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام

مقتولہ عاصمہ بی بی نے دم توڑنے سے قبل واضح الفاظ میں مجاہد آفریدی نامی شخص کا نام لیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم مجاہد آفریدی پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم ایڈووکیٹ کا بھتیجا ہے اور عاصمہ کو رشتے سے انکار پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔

عاصمہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ مجاہد آفریدی پہلے سے شادی شدہ اور اس کی ایک بیٹی بھی ہے۔ ملزم دبئی میں کاروبار کرتا ہے اور حال ہی میں وہ واپس آیا تھا۔ اس نے عاصمہ سے شادی کے لیے رشتہ بھی بھجوایا تھا تاہم شادی شدہ ہونے کی وجہ سے اسے انکار کردیا گیا تھا۔



دوسری جانب عاصمہ کے انسانیت سوز قتل کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش کی گئی ہے جس میں ملزم مجاہد آفریدی کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔