حمزہ نے نوعمر قومی اسنوکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا

فائنل میں عمران شہزاد کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 7-8 سے مات۔


Sports Desk March 26, 2013
فائنل میں حمزہ اکبر عمران شہزاد کے خلاف اسٹروک کھیلتے ہوئے۔ فوٹو : اے پی پی

حمزہ اکبر نے نوعمر قومی اسنوکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

انھوں نے پیر کو فائنل میں پاکستان کے سابق نمبرون کیوئسٹ عمران شہزاد کو اعصاب شکن مقابلے میں 8-7 سے مات دی، ٹائٹل جیتنے پر حمزہ کو 80 ہزار جبکہ رنر اپ عمران شہزاد کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی، دونوں پلیئرز پہلے ہی فائنل تک پہنچنے پر ایشین چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا پروانہ حاصل کرچکے ہیں جہاں پر ان کے ہمراہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف بھی حصہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی جیمخانہ میں منعقدہ چیمپئن شپ کا فیصلہ کن معرکہ پیر کو عمران شہزاد اور ڈیبیو کرنے والے حمزہ اکبر کے درمیان ہوا، اعصاب شکن مقابلے میں اسکور 7-7 سے برابر ہونے پر 19 سالہ حمزہ اکبر نے فائنل فریم میں ایک مرحلے پر بلو بال کو آسانی سے پوٹ کرنے کا موقع ضائع کرکے عمران کو ایڈوانٹیج دے دیا،فریم کا فیصلہ 35-42 سے عمران کے حق میں بھی ہوا لیکن عمران بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور ٹائٹل حمزہ کے نام ہوگیا۔



ان کی جیت کا اسکور79-45، 36-70، 56-81، 23-89، 67-06، 64-22، 54-46، 80-06، 24-78، 24-73، 63-58، 0-115 اور 89-43 رہا، سجاد نے کھیل کے 14ویں فریم میں 115 کا بریک کھیل کر مقابلہ 7-7 سے برابر کرکے سنسنی خیزی بڑھادی تھی، پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا کہ پہلی مرتبہ کوئی نوجوان کیوئسٹ قومی چیمپئن بنا، حمزہ نے پورے ایونٹ میں اپنی ذہنی مضبوطی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے اعصاب کو قابو میں کیے رکھا۔

انھوں نے اپنی راہ میں آنے والے کئی بڑے کھلاڑیوں کو پچھاڑا ، محمد سجاد اور عمران کیخلاف فتح ان کیلیے بھی یادگار ہوں گی، ہمیں اتنا بہترین فائنل ہونے کی امید نہیں تھی لیکن حمزہ نے جس انداز سے میچ میں کامیابی حاصل کی وہ اس بات کا اعلان کررہی ہے کہ ٹاپ پلیئرتیار ہونے لگا، واضح رہے کہ پی بی ایس ایف کے صدر نے حمزہ کو نیشنل جونیئر سرکٹ سے منتخب کیا، انھیں اندازہ تھا کہ یہ بڑے پلیئرز کو ٹف ٹائم دے گا، اس موقع پر فائنل میں شکست خوردہ عمران شہزاد نے کہا کہ حمزہ غیرمعمولی صلاحیتوں کا حامل پلیئر ہے اور وہ بہت جلد دنیا میں نام روشن کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں