میامی ٹینس جوکو وک نے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی

سومودیو ورمن کی چھٹی، ڈیوڈ فیرر نے فابیو فوگنینی کو مات دے کر پیشقدمی جاری رکھی، ویمنز میں ماریا شراپووا کامیاب۔


Sports Desk/AFP March 26, 2013
میامی ٹینس: بھارتی حریف سومودیو ورمن کو زیر کرنے پر نووک جوکووک کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ نمبرون نووک جوکووک نے بھارتی حریف سومودیو ورمن کی چھٹی کرتے ہوئے میامی ماسٹرز کے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

دفاعی چیمپئن اور ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک کے خواہاں سربین اسٹار کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کیلیے جرمن ٹامی ہاس کا چیلنج درپیش ہوگا، تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے فابیو فوگنینی کو مات دے کر پیشقدمی جاری رکھی، ویمنز سنگلز میں ماریا شراپووا، جیلینا جینکووچ اور اینا ایوانووک نے چوتھے راؤنڈمیں رسائی حاصل کرلی، جرمنی کی 6 سیڈ اینجلیک کیربر کو رومانیہ کی سورانا کرسٹیا نے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نووک جوکووک کی سومودیو ورمن کیخلاف جیت کا اسکور 2-6 اور 4-6 رہا، ان کے اگلے حریف جرمنی کے تجربہ کار ٹامی ہاس نے یوکرین کے الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو 3-6 ،2-6 سے قابو کیا، 25 سالہ جوکووک 2007،2011 اور 2012 میں یہاں چیمپئن بن چکے ہیں، بھارتی حریف کیخلاف تیسرے راؤنڈ میں کامیابی کیلیے انھیں کچھ خاص مشکلات پیش نہیں آئیں ۔

دیو ورمن کندھے کی انجری کے سبب 7 ماہ کھیل سے دور رہے، اس وجہ سے عالمی درجہ بندی میں انھیں 254ویں نمبر پر جانا پڑا،انڈین ویلز کے سیمی فائنل میں ڈیل پوٹرو کے ہاتھوں شکست کے بعد جوکووک کی مسلسل 22 فتوحات کو بریک لگ گیا تھا تاہم اسی کے ساتھ وہ 2010 سے ٹاپ 100 رینک سے باہر کسی بھی پلیئر کے ہاتھوں شکست سے محفوظ رہے ہیں۔



دیگر میچزمیں تھرڈ سیڈ اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر نے اپنی فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے اطالوی حریف فابیو فوگنینی کو 6-1،7-5 سے زیر کیا، 79 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں فیرر نے چار مرتبہ فابیو کی سروس بریک کی،ان کا یہ ایونٹ میں پہلا مقابلہ تھا، دوسرے راؤنڈ سے اپنے سفر کی شروعات کرنے والے اسپینش پلیئر کو تیسرے راؤنڈ میں روسی حریف دیمیتری ترسنوف کیخلاف واک اوور مل گیا تھا، راؤنڈ 8 میں پہنچنے کیلیے 30 سالہ فیرر کو جاپان کے 13 سیڈ کائی نیشکوری سے ٹکرانا ہوگا، ایشین پلیئر نے تیسرے راؤنڈ میں زیویئر میلسی پر 6-2،7-5 سے ہاتھ صاف کرلیا۔

آسٹریا کے جرگن میلزر نے ٹوبائس کیمکے کو 6-7(3/7)،6-3 اور 6-4 سے مات دے کر چوتھے راؤنڈ میں رسائی پائی،7سیڈ سربیا کے جانکو تیپسرووچ نے جنوبی افریقی کھلاڑی کیون اینڈرسن کو 4-6،7-6(7/5) اور 6-0 سے شکست دی،11سیڈ فرنچ پلیئر جائلز سیمون نے سلووینیا کے گریگا زیلمیجا کو 4-6 ،4-6 سے ٹھکانے لگایا۔ ویمنزسنگلز میں تین مرتبہ کی فائنلسٹ تھرڈ سیڈ ماریا شراپووا نے تیسرا مرحلہ عبور کرلیا، انھوں نے ہموطن الینا ویسنینا کو 6-4،6-2 سے مات دی، اگرچہ پہلے سیٹ میں ماریا 1-3 کے خسارے میں گئیں۔

لیکن جلد ہی کھیل میں واپس آتے ہوئے رنگ جمالیا، چوتھے راؤنڈ میں ان کا سامنا جمہوریہ چیک کی کارلا زاکاپولووا سے ہوگا، انھوں نے روسی حریف ماریا کریلنکو کو 6-2، 7-6(7/4) سے زیر کیا، جیلینا جینکووچ نے نادیا پیٹرووا کو7-6(9/7) اور 6-4 اور آلیز کورنیٹ نے امریکا کی لورین ڈیوس کو2-6،6-3 اور6-2 سے قابو کیا، رومانیہ کی سورانا کرسٹیا نے 6 سیڈ جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کو 6-4،6-0 سے شکست دے کر حیران کردیا، روبریٹا ونسی نے اسپین کی کارلا سواریز نیوارو کو 5-7،6-4 اور 6-4 سے ہرایا، سارا ایرانی نے سیمونا ہالیپ کو6-1،6-0 سے قابو کیا، سابق عالمی نمبرون سربیا کی اینا ایوانووک نے روسی پلیئر سویٹلانا کزنٹسووا کو 6-3،6-3 کے یکساں مارجن سے مات دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں