سی پیک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا وزیراعظم

منصوبے کے تحت خصوصی اقتصادی زونز سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

منصوبے کے تحت خصوصی اقتصادی زونز سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم - فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شاہد خاقان کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے تقدیر بدلنے کا حامل منصوبہ ثابت ہوگا۔

سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گوادر میں آزاد تجارتی زون اور بین الاقوامی گوادر نمائش کا افتتاح کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ افتتاح چین کے صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے خطے میں رابطوں کے فروغ کے حوالے سے پیش کردہ تصور کوعملی جامہ پہنائے جانے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے تقدیر بدلنے کا حامل منصوبہ ثابت ہوگا جس سے لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔



شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والے منصوبوں میں موٹرویز سمیت شاہراہوں کے ڈھانچے کی تعمیر اور گوادر بندرگاہ کی ترقی شامل ہے، راہداری بندرگاہ کو خنجراب اور وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت دوسرے ملکوں کے ساتھ ملائے گی جب کہ اس منصوبے میں پاکستان ریلویز کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور بجلی گھروں کا قیام بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا جب کہ یہ ہماری نسلوں کے لئے انتہائی اہم منصوبہ ہے جو معاشی مسائل کو حل اور مستقبل کےلئے رابطے قائم کررہا ہے۔ بلوچستان کی ترقی سے متعلق وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ترقی کی کوششوں میں صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی، صوبائی حکومت کو ساحلی پٹی کی ترقی اور گوادر کو دنیا کا جدید مثالی شہر بنانے کےلئے حکمت عملی وضع کرنی چاہیے۔




وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے لئے مساویانہ پیکیج سے صوبے کے تمام اضلاع میں مساوی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی تا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف حاصل کئے جاسکیں۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے نے پاک چین تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کردیا ہے جب کہ اس سے گوادر خطے میں تجارتی مرکز بن جائے گا۔



Load Next Story