انڈر 19 ورلڈکپ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

پاکستان کی پوری ٹیم صرف 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


ویب ڈیسک January 30, 2018
بھارت کے شبمن گل نے شاندار سنچری بنائی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انڈر 19 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت پاکستان کو 203 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 272 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 69 رنز بنا سکی اور آؤٹ ہو گئی۔

اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان ٹیم شدید مشکلات کا شکار رہی، بلے باز آتے گئے اور آؤٹ ہوتے گئے، اوپنر عمران شاہ نے 2 رنز، محمد زید عالم 7، روحیل نذیر 18، علی زریاب آصف 1، عماد عالم 4، محمد طحہ 4، سعد خان 15، کپتان حسن خان صرف 1، شاہین آفریدی صفر، ارشد اقبال 1 رن بنا سکے جب کہ محمد موسیٰ نے 11 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے بھارتی کپتان پرتھوی شا کو 41 رنز پر رن آؤٹ، منجوت کلرا کو 47 رنز، انوکل روئے کو 33 رنز، شیوم ماوی کو 10 رنز اور شیوا سنگھ کو 1 رن پر آؤٹ کیا جب کہ پیسر ارشد اقبال نے ہارویک دیسائی کو 20، ریان پاراگ کو 2 اور ابھیشیک شرما کو 5 رنز پر اپنا شکار بنایا۔ اس کے علاوہ شاہین آفریدی نے کملیش نگرگوٹی کو 1 رن پر آؤٹ کیا۔ بھارت کی جانب سے شبمن گل نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ میچ کے آغاز سے ہی پاکستان ٹیم کی جانب سے کمزرو فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے کئی کیچز بھی ڈراپ ہوئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا افغانستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں