انڈر 19 ورلڈکپ آسٹریلوی ’’اسپیڈ بریکر‘‘ نے افغانستان کا راستہ روک دیا

کینگروز نے 6 وکٹ کی فتح کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی، 182کاآسان ہدف4 وکٹیں گنوا کر حاصل کیا۔

جیک ایڈورڈز نے72رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ وصول کیا،ایشین چیمپئن ٹیم181 پر آؤٹ ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلوی''اسپیڈ بریکر''نے افغانستان کا راستہ روک لیا،کینگروز نے 6 وکٹ کی فتح کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی۔

انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن نے افغانستان کے ہیوی اسپن اٹیک کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مجیب زدران کا بھی کوئی حربہ کامیاب نہ ہوسکا،کپتان جیسن سانگھا نے ایڈورڈز کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے 77 رنزجوڑے جس میں ان کا حصہ 26 رنز تھا، جیک ایڈورڈز کا 8 کے انفرادی اسکور پر افغان کپتان نوین الحق نے کور پوائنٹ پر کیچ ڈراپ کیا جس کا ان کی ٹیم کو بھرپور خمیازہ بھگتنا پڑا۔

ایڈورڈز نے جلد ہی افغان اٹیک کی کلاس لینا شروع کردی، انھوں نے مجیب کو ایک ہی اوور لانگ آن کی جانب 2 چھکے جڑے، لیگ اسپنر قیس احمد نے حریف کپتان سانگھا کا اپنی ہی گیند پر ریٹرن کیچ لیا، نوین نے میرلو کو 17 رنز پر وکٹ کیپر اکرام علی خیل کی مدد سے قابو کیا، قیس نے ہی اوپنر ایڈورڈز کو 72 رنز پر پویلین واپس بھیجا، اس وجہ سے 26 اوور میں آسٹریلیا کی 129 رنز پر 4 وکٹیں گرگئیں، پارام اپال اور ناتھن میک سوینی نے ناقابل شکست رہتے ہوئے بالترتیب 32 اور 22 رنز بناکر ٹیم کو 37.3 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا، قیس نے2 وکٹیں لیں۔


اس سے قبل 86 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ جانے کی وجہ سے افغان ٹیم سنبھل نہیں پائی، ابراہم زدران 7رنز پر ایوانز کی گیند پر ہیڈلے کا کیچ بنے، رحمان اللہ گرباز (20) کو میرلو نے کاٹ بی ہائنڈ کرایا، باہر شاہ (4)، درویش رسولی (2) اور نثار وحدت (11) کو میرلو نے پویلین واپس بھیجا، عظمت اللہ اورکزئی (1) کو ہیڈلے نے ایڈورڈز کی مدد سے قابو کیا، دوسرے اینڈ پر کافی دیر سے ڈٹے اکرام علی خیل کی ہمت آخر 80 رنز پر جواب دے گئی، ایڈورڈز کی گیند پر پوپ نے کیچ لیا۔

قیس احمد (8) ول سدرلینڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ہولٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، نوین (8) کو پوپ نے بولڈ کیا،181 کے مجموعے پر آخری کھلاڑی ذاکر خان 8 رنز بناکر ایوانز کی گیند آؤٹ ہوئے، اس طرح افغان اننگز 48 اوورز میں تمام ہوگئی، میرلو نے 4 اور ایوانز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیک ایڈورڈز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس کے اختتام پر کوالالمپور میں افغانستان نے فائنل میں پاکستان ٹیم کو شکست دیکر ایشین چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا، رواں ایونٹ کے گروپ راؤنڈ میں اس نے پاکستان اور سری لنکاکو شکست دی جبکہ کوارٹر فائنل میں مضبوط میزبان نیوزی لینڈ ٹیم کو زیر کیا تھا۔
Load Next Story