کراچی میںفائرنگ پولیس اہلکار سمیت 4 ہلاک ایک لاش ملی

تاجر کو صبح اغوا کیا، 12بجے تاوان طلب کیا، 3بجے نارتھ ناظم آباد میں گولی ماردی


Staff Reporter March 26, 2013
منگھوپیر، بلدیہ، سائٹ، لانڈھی، کیماڑی میں فائرنگ کے واقعات، 5افراد زخمی فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص کی لیاری ندی سے لاش ملی ہے۔

نارتھ ناظم آباد آئی بلاک میں نامعلوم ملزمان نے 35 سالہ کامران ولد محمد شفیق کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، ایس ایچ او شارع نور جہاں انسپکٹر ناصر لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کپڑے کا تاجر اور نارتھ کراچی کا رہائشی تھا، مقتول کی جوڑیا بازار میں دکان تھی، مقتول صبح اپنی کار رجسٹریشن نمبر AYQ-225 میں گھر سے نکلا تھا جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا جسے تکنیکی زبان میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کہا جاتا ہے۔

دوپہر 12 بجے مقتول کے موبائل فون سے ملزمان نے مقتول کے دوست اور اس کے بھائی سے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا جس پر اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، اہل خانہ نے فوری طور پر کچھ رقم کا بندوبست کرنے پر آمادگی ظاہر کی لیکن ملزمان 20 لاکھ پر زور دیتے رہے جس کے بعد دوپہر تقریباً ساڑھے3 بجے اسے نارتھ ناظم آباد آئی بلاک میں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ پولیس مقتول کے موبائل فون ڈیٹا کے ذریعے واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ پولیس اہلکار غلام علی ولد حمزہ علی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول سرجانی ٹائون خدا کی بستی میں شہدا پولیس لائن کی سیکیورٹی پر مامور تھا، وہ ڈیوٹی ختم کرکے وردی میں ہی اپنی رہائش گاہ واقع مشکی پاڑہ سلطان آباد جارہا تھا کہ فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ ماری پور روڈ پر مچھر کالونی کے قریب ندی سے کئی روز پرانی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول کی آنکھیں غائب ہیں جبکہ ہاتھ پشت پر رسی سے بندھے ہوئے ہیں اور جسم پر گوشت بھی جگہ جگہ سے کٹا ہوا ہے، ملزمان نے بھیانک تشدد کے بعد اسے ہلاک کیا، مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔



پولیس نے لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے سوات کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ گل روز ولد نعیم زخمی ہوگیا۔سائٹ ایریا میں سریا فیکٹری کے عقب میں 30 سالہ صلاح الدین ولد ضیا الدین زخمی ہوگیا۔ لانڈھی چار نمبر پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 22 سالہ فہیم کو فائرنگ کرکے زخمی کردیاگیا۔ سائٹ ایریا میں جی سی ٹی کالج کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ مصطفیٰ کمال زخمی ہوگیا۔ کیماڑی کے علاقے گیٹ نمبر 15 پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ احمد جمیل ولد نادر جمیل زخمی ہوگیا ۔

لاشیں اور زخمی عباسی شہید، سول اور جناح اسپتال پہنچائے گئے۔سائٹ ایریا مشروبات بنانے والی کمپنی کے قریب نامعلوم ملزمان نے سٹی کار اور ٹویوٹا کرولا کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 45 سالہ علی اکبر جاں بحق جبکہ 2 سیکیورٹی گارڈز ساجد اور امان اﷲ کے علاوہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور جلال الدین اور عبداﷲ شدید زخمی ہوگئے۔

ایس پی سائٹ علی آصف نے بتایا کہ چچا اور بھتیجا اپنی گارمنٹس فیکٹری سے معمول کے مطابق رہائش گاہ کلفٹن جانے کے لیے نکلے تھے تاہم پولیس بھتے سمیت دیگر پہلوؤں پر باریک بینی سے تفتیش کر رہی ہے ، کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گلزار کالونی میں واقع المدینہ کمیونیکیشن موبائل شاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دکان کا مالک 40 سالہ نادر خٹک ہلاک جبکہ 5 افراد شان محمد ، یاسین ، عمران ، راشد اور زخمی ہوگئے، پولیس واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے مزید تحقیقات کر رہی ہے جیکسن کیماڑی گیٹ نمبر 15 کے قریب فائرنگ سے احمد جمیل جبکہ سائٹ غنی چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ مصطفیٰ زخمی ہوگیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں