امریکی سی آئی اے نے چین کو بھی روس جیسا بڑا خطرہ قرار دے دیا

شمالی کوریا جلد امریکا پر جوہری حملے کی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے، سی آئی اے چیف


ویب ڈیسک January 30, 2018
امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں روس دوبارہ مداخلت کرسکتا ہے، مائک پومپیو فوٹو:فائل

امریکا کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے چین کو بھی روس جیسا بڑا خطرہ قرار دے دیا۔

سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے خدشہ ظاہر کیا کہ شمالی کوریا جلد امریکا پر جوہری حملے کی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے جبکہ روس امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت کرسکتا ہے۔

مائک پومپیو نے سی آئی اے کے ہیڈ کوارٹر میں برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور یورپ کے اندرونی معاملات میں روسی مداخلت تاحال جاری ہے جس میں کوئی قابل ذکر کمی نہیں آئی ہے۔ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ نے شمالی کوریا کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا کہ شمالی کوریا آئندہ چند ماہ میں امریکا کو جوہری ہتھیاروں کے ذریعے نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔

مائک پومپیو نے چین پر بھی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ چین مسلسل امریکی معلومات کو چوری کرنے اور امریکی خفیہ اداروں میں گھسنے کی کوششں کر رہا ہے، چین کی امریکا اور مغربی ممالک میں اپنا اثر بڑھانے کی خفیہ کوششیں امریکا کے لیے اتنی ہی پریشان کن ہیں جتنی روس کی تخریب کاری کی کوششیں، بیجنگ حکومت مسلسل امریکی اثرو رسوخ کو کم کرنے کی کوششوں کر رہی ہے۔

امریکا کے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بارے میں مائک پومپیو نے امکان ظاہر کیا کہ روس مداخلت کرسکتا ہے لیکن امریکا میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ اپنے ہاں شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنا سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں