دپیکا پڈوکون نے قتل کی دھمکیوں پر خاموشی توڑدی

دپیکا کو ’’پدماوت‘‘ میں کام کرنے پر ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ناک کاٹنے اور قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔


ویب ڈیسک January 31, 2018
دپیکا کو انتہا پسندوں کی جانب سے ناک کاٹنے اور قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ؛ فوٹوفائل

نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے قتل کرنے کی دھمکیوں پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔

بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون فلم ''پدماوت'' میں رانی پدمنی کا کردار نبھانے کے بعد سے کافی مشکلات کا شکار ہیں، اداکارہ کو ہندوانتہا پسندوں کی جانب سے نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا گیا بلکہ قتل کرنے اور ناک کاٹنے کی دھمکی بھی دی گئی، ان دھمکیوں پر اُس وقت تو دپیکا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا تاہم فلم ریلیز ہوجانے کے بعد پہلی بار انہوں نے اس حوالے سے اپنا موقف بیان کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر'' پدماوت'' پر پابندی

بھارتی میڈیا کو حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران دپیکا نے انہیں ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں کہا کہ جب انہیں انتہا پسندوں کی جانب سے ناک کاٹنے اور قتل کرنے کی دھمکی دی گئی تو ان کے والدین بہت پریشان ہوگئے تھے اور ان کا پریشان ہونا قدرتی عمل تھا ''لیکن میں اپنا خیال خود رکھ سکتی ہوں''۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے فلم''پدماوت'' پر اپنے والدین کے ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا جب میرے والدین نے فلم میں میری اداکاری دیکھی تو ان کی آنکھیں آنسوؤں سے بھرگئیں اور میں نے انہیں کہتے سنا ''ہاں یہ ہماری بیٹی ہے''۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: دپیکا کو''ناک'' کاٹنے کی دھمکی

دپیکا نے رانی پدمنی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کردار کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی کیونکہ مجھے تاریخ نہیں معلوم لیکن جب مجھے اس کردار کی پیشکش ہوئی تو میں نے رانی پدمنی کے بارے میں پڑھنا شروع کیا اور ان کے بارے میں سب سے اچھی بات جو مجھے پسند آئی وہ یہ تھی کہ اپنے شوہر کے بعد وہ بالکل نہیں ٹوٹی کیونکہ راجا راول رتن سنگھ کے بعد ساری رعایا کی نظریں اپنی رانی پر تھیں، وہ تمام لوگوں کی طاقت تھیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: دپیکا کو زندہ دفن کرنے کی دھمکی

انہوں نے سنجے لیلا بھنسالی کے بارے میں کہا کہ بھنسالی نے مجھے میری زندگی کے تین اہم کردار لیلا، مستانی اور پدماوتی دئیے، یہ تینوں ایک دوسرے سے بالکل مختلف کردار تھے اور لوگوں نے مجھے ان تینوں کرداروں میں بہت سراہا۔ فلم میں رنویر کے ساتھ کوئی بھی سین نہ ہونے پردپیکا کا کہنا تھا کہ میری یہ رنویر کے ساتھ تیسری فلم تھی لیکن مجھے فلم میں کام کرتے وقت ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں رنویر کے ساتھ ہوں کیونکہ ہم دونوں کا فلم میں کوئی بھی سین ایک ساتھ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ تنازعات کا شکار فلم ''پدماوت اب تک 130 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں