سندھ حکومت کا جہیز 50 ہزار روپے تک مقرر کرنے پر غور

خلاف ورزی پر 6 ماہ سزا اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا، بل میں تجویز  


ویب ڈیسک January 31, 2018
خلاف ورزی پر 6 ماہ سزا اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا، بل میں تجویز  ۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت جہیز کی مالیت 50 ہزار روپے تک مقرر کرنے پر غور کررہی ہے اور خلاف ورزی کرنے پر سزا کے ساتھ بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جہیز کے خاتمے سے متعلق 2017 کے بل میں ترمیم پر غور کیا گیا اور اس حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بل میں تجویز پیش کی گئی کہ صوبے میں جہیز 50 ہزار سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے اور مہندی کے گفٹس یا اخراجات بھی 50 ہزار سے زیادہ نہیں ہونے چاہیئیں۔

بل کے مطابق دولہا یا اسکے اہلِ خانہ کسی بھی طرح جہیز کا مطالبہ نہیں کریں گے اور جہیز کسی دباؤ کے ذریعے بھی حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے جب کہ رخصتی کے وقت دلہن اور دولہا کے اہل خانہ تمام جہیز باراتیوں کو دکھانے کے پابند ہوں گے، خلاف وزری پر 6 ماہ سزا اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ تجاویز ایسی ہیں جو فعال کرنا مشکل ہیں، ہمیں ایسا قانون بنانا چاہیئے جو لاگو ہوسکے اور ایسا قانون بنائیں جس میں جہیز لینا برا لگے جب کہ جہیز کا خاتمہ یا غیر ضروری مطالبات کے حوالے سے معاشرے میں شعور پیدا کرنا ہوگا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ نے جہیز سے متعلق بل منظور نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں