ویتنام پاکستان سے مضبوط تجارتی واقتصادی تعلقات کا خواہاں

ایک دوسرے کے ٹریڈ فیئراور نمائشوں میں بھرپور شرکت نئے مواقع تلاش کرنیکا بہتر ذریعہ ہے، فام ہوانگ کیم

فام ہوانگ کیم کا اسلام آبادچیمبرآمدپر خطاب،وفدکو دورے کی دعوت، تعاون کا یقین دلایا۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں تعینات ویتنام کے سفیر فام ہوانگ کیم نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والے تجارتی میلوں اور نمائشوں میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ باہمی تجارت کو فروغ دینے اور مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا یہی سب سے بہتر ذریعہ ہے۔

پاکستان میں تعینات ویتنام کے سفیر فام ہوانگ کیم نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویتنام پانی سے بجلی پیدا کرنے کی عمدہ مہارت رکھتا ہے اور وہ اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔

فام ہوانگ کیم نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکلز مصنوعات اور کالی مرچ سمیت متعدد مصنوعات کی ویتنام میں بہتر مانگ پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر اپریل میں اسلام آباد میں جو نمائش منعقد کر رہا ہے اس کی تفصیلات سفارتخانے کے ساتھ شیئر کی جائیں اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ویتنام کی بزنس کمیونٹی کو مذکورہ نمائش میں شرکت کیلیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

ویتنام کے سفیر نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر اپنا ایک وفد ویتنام لے جانے کی کوشش کرے وہ تا کہ ویتنام کے ساتھ تجارت کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کر سکے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کیلیے بھرپور تعاون کرے گا۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات قائم ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان تقریبا 500ملین ڈالر کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جس کو بہتر کرنے کیلیے دونوں جانب سے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل و گارمنٹس، توانائی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، آٹوموبائل، زراعت، فوڈ پراسسنگ، کمیکلز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلز، جیمز و جیولری، کھیلوں کا سامان، تعلیم و صحت، ہوائی و سمندری روابط، بینکنگ، فش فارمنگ اور صنعتی شعبے سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں جن سے استفادہ کرنے کیلیے دونوں ممالک نجی شعبوں کو قریب لانے کی کوشش کریں۔

اسلام آباد چیمبر کے صدر نے کہا کہ ویتنام کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک منصوبے سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔

شیخ عامر وحید نے مزید کہا کہ پاکستان پھلوں سمیت متعدد مصنوعات ویتنام کو برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاٹوں کی نشاندہی کریں اور ان کو حل کرنے کیلیے مضبوط اقدامات کریں۔
Load Next Story