عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے11 کروڑ روپے منظور

فیصلہ خوش آئند ہے، پی ایچ ایف وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی مشکور ہے، اولمپئن شہباز احمد


Zubair Nazeer Khan February 01, 2018
وزیر اعلی سندھ نے رقم جاری کرنے کی منظوری دے دی، پی ایچ ایف کا اظہار تشکر۔ فوٹو : رائٹرز

نیشنل اسٹیڈیم کے بعد عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی بھی حالت سنوارے جانے کے امکانات پیدا ہوگئے، وزیر اعلیٰ سندھ نے تزئین وآرائش اور بحالی کے لیے 11 کروڑ روپے جاری کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق سندھ حکومت نے مالی بدحالی کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مدد کرنے کا فیصلہ کرلیا، کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کو بہتر بنانے کے لیے مالی اعانت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور تعمیرات کے لیے 11 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی الیون کے دورۂ پاکستان کے موقع پرفیڈریشن کے تحت اپنے دور کے معروف انٹرنیشنل اور قومی کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شامل کرنے کی تقریب کے موقع پروزیراعلیٰ نے پی ایچ ایف کو مالی بحران سے نکالنے اور قومی کھیل کی بحالی میں تعاون کا یقین دلایا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے امدادی رقم کی منظوری کے بعد متعلقہ ذمے دار اداروں کی طرف سے قانونی طریقہ کار مکمل کرکے اسٹیڈیم کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپئن شہباز احمد نے سندھ حکومت کی طرف سے فیڈریشن کے لیے امدادی رقم کے اجرا کی منظوری کی تصدیق کی ہے۔ رابطہ پر انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ خوش آئند ہے جس کے لیے پی ایچ ایف وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی مشکور ہے۔

اولمپئن شہبازاحمد نے مزید کہا کہ منظور شدہ رقم سے خستہ حالی کے سبب تباہی کے دہانے پر پہنچ جانے والے اسٹیڈیم کی حالت بہت بہتر ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔