تنخواہ کی عدم ادائیگی زیر تربیت اہلکاروں کا پولیس ہیڈ آفس پر احتجاج

زیر تربیت اہلکاروں نے مطالبہ کیا کہ انھیں بھی اندرون سندھ سے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی طرح ہر ماہ تنخواہ دی جائے۔


Staff Reporter March 27, 2013
احتجاج کرنے والے اہلکاروں نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے اب 3 ماہ کی کمانڈو ٹریننگ کے لیے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر بھیجا جا رہا ہے۔ فوٹو:فائل

تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر زیر تربیت پولیس اہلکاروں کا پولیس ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر بندوقیں تان لی گئیں اور بٹ مارے گئے،7ماہ کی تنخواہ نہیں ملی پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کا میس انچارج کہتا ہے کہ میس کے پیسے نہ دیے تو نکال دیے جاؤ گے۔

آئی جی سندھ کی تنخواہوں کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر زیر تربیت اہلکاروں نے احتجاج ختم کر دیا، تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس میں 24جولائی 2012 کو بھرتی ہونے والے286 ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پولیس ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے آئی جی سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں بھی اندرون سندھ سے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی طرح ہر ماہ تنخواہ دی جائے۔

مظاہرین نے بتایا کہ وہ گزشتہ6ماہ سے پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں تربیت کر رہے ہیں اس دوران محرم، ربیع الا اول پر ایمرجنسی ڈیوٹیاں بھی انجام دیں، تنخواہوں کا معلوم کرنے پر اکاؤنٹنٹ ہمیں گالیاں دیتا ہے، اہلکاروں کا کہنا تھا کہ معاشی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے،گھر والے کہتے ہیں کہ یہ کیسی نوکری ہے جس میں تنخواہ ہی نہیں ملتی۔

زیر تربیت اہلکاروں کو ہر ماہ تنخواہ ادا کی جائے تاکہ ہمارے گھروں کے چولہے بھی جلتے رہیں، سی پی او کہتے ہیں اے جی سندھ نے آپ کی تنخواہوں پر اعتراض بھیجا ہے،میس انچارج میس کے 3500 روپے ہر ماہ باقاعدگی سے وصول کرتا ہے، قرض لیکر میس کی رقم ادا کرتے ہیں۔



احتجاج کرنے والے اہلکاروں نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے اب 3 ماہ کی کمانڈو ٹریننگ کے لیے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر بھیجا جا رہا ہے،آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ اصول پسند شخص ہیں اب ہم ان کو اپنے مسائل بتانے آئے ہیں،مظاہرہ کرنے والے زیر تربیت اہلکاروں نے بتایا کہ آئی جی نے احتجاج کرنے والے اہلکاروں میں سے5 اہلکاروں کو آفس میں طلب کیا ہے۔

آئی جی کے پرسنل اسٹاف آفیسر نے یقین دلایا ہے کہ جلد ان کی تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی،انھوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈی آئی جی ٹریننگ سے درخواست کی جائے گی کہ جب تک زیر تربیت اہلکاروں کو تنخواہیں ملنا شروع نہیں ہوتی اس وقت تک ان سے میس کی رقم وصول نہ کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں