بھارت کی ایل او سی پر جارحیت سے 9 شہری زخمی پاک فوج کا بھرپور جواب

کھوئی رٹہ سیکٹر کے مختلف سرحدی علاقوں پر 6 گھنٹے بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری، 4 زخمیوں کی حالت نازک۔


زاہد آصف سلطان February 02, 2018
علاقے میں تعلیمی ادارے اور بازار بند، پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد بھارتی چوکیوں سے شعلے اٹھتے دکھائی دیے، ہلاکتوں کی اطلاع۔ فوٹو : فائل

بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر کے مختلف سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں 9 نہتے شہری زخمی ہوگئے۔

بھارتی فورسز نے کھوئی رٹہ سیکٹر کے مختلف علاقوں جنجوٹ بہادر، سیری چتر، درگوٹی کراس، کٹیڑہ، راجدھانی، ٹائیں، جگال پال اور چوکی خانپور کو شدید فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں 4 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ ایک بچی کو شدید تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔

زخمیوں میں علاقہ جگال پال کے 24 سالہ محمد فاروق ولد الف دین، 25 سالہ شاہنواز ولد راجہ غفار، 18 سالہ احتشام ولد راجہ غفار، 16 سالہ آمنہ الیاس دختر محمد الیاس، 35 سالہ نصرت بیگم زوجہ محمد جاوید، 36 سالہ شبینہ ابرار زوجہ محمد ابرار، ججوٹ بہادر کی 30 سالہ شہناز دختر محمد اقبال اور 50 سالہ محمد اصغر ولد لال حسین شامل ہیں۔

بھارتی فائرنگ کے بعد کھوئی رٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور سیری، کراس بازار کو بند کروادیا گیا ہے۔ بھارتی فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ صبح پونے 6 بجے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن 12 بجے تک جاری رہا۔

دوسری جانب پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا اور بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں پر شعلے دور دور سے دکھائی دیتے رہے جس میں کئی بھارتی فوجیوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں