رینجرز کی کارروائیاں گینگ وار کے کارندوں سمیت30افراد گرفتار69ہتھیار برآمد

کھارادر میں آپریشن کیخلاف ٹاور پرمکینوں کا احتجاج،پتھراؤ سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، بدترین ٹریفک جام.

فوٹو : ایکسپریس نیوز

رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 30 افراد کو حراست میں لے کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔

حراست میں لیے گئے افراد میں مختلف سیاسی جماعتوں سمیت لیاری گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں ، کھارادر میں کارروائی کے خلاف علاقہ مکینوں نے ٹاور پر مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی ، ان کا کہنا تھا کہ حراست میں لیے گئے افراد بے گناہ ہیں ، انھیں فوری رہا کیا جائے ، اس دوران نا معلوم افراد نے ٹائر بھی نذر آتش کیے جبکہ گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا ۔

جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ٹارگٹڈ آپریشن اور محاصروں کے دوران 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ، ملیر سٹی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں گھر گھر تلاشی لی گئی ، اس دوران رینجرز کی لیڈی سرچر بھی ہمراہ تھیں ، نیو سبزی منڈی ، ریلوے کالونی ، ہزارہ کالونی ، کھارادر ، کھڈا مارکیٹ ، لیاری ،عثمان آباد اور پرانا گولیمار کے علاقے ملک چوک پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں۔

، کارروائیوں میں سیکڑوں اہلکاروں ، درجنوں موبائلوں ، بکتر بند اور موٹر سائیکل اسکواڈ نے حصہ لیا ، اس دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ، بعض مقامات پر لگے بیریئرز کی وجہ سے رینجرز اہلکاروں کو دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم آپریشن کے دوران بیریئر بھی ہٹادیے گئے ، حراست میں لیے گئے افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 30 افراد کو حراست میں لیا گیا۔




جن کے قبضے سے مختلف اقسام کے 69 ہتھیار برآمد کیے گئے ، برآمد شدہ ہتھیاروں میں ایس ایم جی ، مختلف اقسام کی رائفلیں ، شارٹ گن ، پستول ، گرنیڈ اور دھماکا خیز مواد شامل ہے ، آپریشن کے دوران 6 مقامات پر رکاوٹیں بھی ہٹادی گئیں ، علاوہ ازیں کھارادر میں آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے ٹاور پر احتجاج کیا ۔

مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رینجرز نے کھڈا مارکیٹ میں نمائشی کارروائی کی ہے اور بے گناہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

جبکہ گینگ وار کے کارندے کھلے عام وارداتیں کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں ، احتجاج کی وجہ سے ٹاور کے اطراف اور متصل شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اعلیٰ حکام نے مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا۔
Load Next Story