قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ لاہور لائنز نے سیالکوٹ اسٹالینز کا شکار کرلیا

ناصر جمشید کے71 رنز، فیصل آباد وولفز نے بہاولپور اسٹیگز، ملتان ٹائیگرز نے ایبٹ آباد فالکنز کو شکست دے دی۔

قومی ٹی 20 سپر ایٹ کرکٹ: ملتان ٹائیگرز کیخلاف ایبٹ آباد فالکنز کے یاسر حمید کا کور ڈرائیو۔ فوٹو: ایکسپریس

قومی ٹوئنٹی20 سپر 8 کرکٹ ٹورنامنٹ کا میدان لاہور میں سج گیا، پہلے روز میزبان لائنز نے سیالکوٹ اسٹالینز کا 44رنز سے شکار کر لیا۔

ناصر جمشید نے71رنز بنائے،فیصل آباد وولفز نے بہاولپور اسٹیگز کو63رنز سے شکست دی، ملتان ٹائیگرز نے ایبٹ آباد فالکنز کیخلاف5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میزبان لائنز نے 6 وکٹ پر 162رنز اسکور کیے، ناصر جمشید نے71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،کامران اکمل نے 33 رنز بنائے، کپتان محمد حفیظ 7،عمر اکمل 4 اور وہاب ریاض صفر پر آؤٹ ہوئے،احمد شہزاد نے 11 رنز بنائے، شعیب ملک اور بلاول بھٹی نے 2،2 جبکہ عبدالرحمان اور رانانوید الحسن نے 1،1وکٹ لی، جواب میں سیالکوٹ اسٹالینز نے مقررہ اوورز میں8 وکٹ پر 118 رنز بنائے، شعیب ملک 2 اور رانا نوید 11رنز تک محدود رہے،عدنان رسول نے17رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔




قبل ازیں پہلے میچ میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر154 رنز بنائے، مصباح الحق22رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،فہد مسعود نے 2 وکٹیں لیں،155 کے ہدف کا تعاقب کرنے والی بہاولپور اسٹیگز کی ٹیم 8 وکٹ پر91 رنز ہی بنا سکی، حماد طارق28 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کرسکے، خرم شہزاد نے4 وکٹوں کے ساتھ مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

دوسرے میچ میں ملتان ٹائیگرز نے ایبٹ آباد فالکنز کو5 وکٹ سے زیر کیا، ناکام سائیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے8 وکٹ پر141رنز بنائے، عدنان رئیس34، ہارون29 اور سجاد علی 25 رنزکے ساتھ نمایاں تھے، ذوالفقار بابر اور شعیب مقصود نے 3،3 وکٹیں لیں،جواب میں ملتان ٹائیگرز نے ذیشان اشرف کے ناقابل شکست58رنز کی بدولت ہدف 17.4 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کر لیا، شعیب مقصود 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story