ورلڈکپ کوالیفائنگ اردن نے جاپان کو غیر متوقع شکست دے دی

آسٹریلوی فٹبال ٹیم اومان کیخلاف 2-2 سے مقابلہ ڈرا کرکے مشکل میں پھنس گئی۔


AFP/Sports Desk March 27, 2013
ازبکستان نے لبنان کو 0-1 سے مات دی، جنوبی کوریا بھی کامیاب۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ 2014 کے ایشین کوالیفائنگ رائونڈ میں اردن نے جاپان کو2-1 سے غیرمتوقع طور پر شکست دے دی۔

اس ناکامی کے بعد ایشین چیمپئن کو میگا ایونٹ میں رسائی یقینی بنانے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا،اردن7 پوائنٹس لے کرگروپ 'بی' میں آسٹریلیا سے آگے نکل گیا، دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم اومان کیخلاف 2-2 سے مقابلہ ڈرا کرکے مشکل میں پھنس گئی، گروپ ' اے ' میں ازبکستان نے لبنان کو 0-1 سے مات دیکر پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جنوبی کوریا نے بھی اپنے میدانوں پر قطر کیخلاف 1-2 سے کامیابی کی بدولت دوسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا، ہر گروپ کی دو نمایاں ٹیمیں ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کی اہل بنیں گی،تیسری ٹیم کو پلے آف میچز کے بعد دوسرے براعظم کی ٹیم سے کھیلنے پر ورلڈ کپ کا ٹکٹ مل پائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گروپ 'بی ' میں اردن نے غیرمتوقع طور پر جاپان کو 2-1 سے شکست دیدی، جاپانی ٹیم کو میگا ایونٹ میں رسائی یقینی کرنے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑگیا، ایشین چیمپئن سائیڈ اس میچ کو ڈرا کھیلنے پر بھی برازیل جانے کا پروانہ حاصل کرسکتی تھی لیکن اردن نے ہوم گرائونڈ پر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے معرکہ جیت لیا، میزبان ٹیم کے لیے کھیل کے 45ویں منت میں خلیل بنی اتیاہ نے گیند کو جال میں پہنچایا،60ویں منٹ میں احمد ابراہیم نے ٹیم کی برتری دگنی بنادی، اگرچہ اس کے 9 منٹ بعد جاپانی اسٹار شنجی کاگوا نے خسارہ کم کیا لیکن 72ویں منٹ میں یاشیتو اینڈوکی پنالٹی ککس کو کارآمد نہیں بناسکے،اس طرح اردن نے جاپان کو شکست دے دی۔

8

گروپ کے دوسرے میچ میں اومان نے حیران کن پرفارمنس پیش کرتے ہوئے آسٹریلیا کیخلاف مقابلہ 2-2 سے ڈرا کرلیا، ایک موقع پر میزبان کینگروٹیم 2-0 کے خسارے میں بھی رہی تاہم ٹم چاہل اور ہولمین کے گول کی بدولت شرمندگی سے بچ گئی، اختتام سے پانچ منٹ قبل ہولمین نے لانگ رینج وولی کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچاکر مقابلہ2-2 کیا،آسٹریلیا نے اس میچ کے دو قیمتی پوائنٹ کھودیے، سوکروز لگاتار تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، وہ اب تک پانچ میچز میں محض ایک جیت کی بدولت 6 پوائنٹس ہی جوڑ پائے تاہم دوسری پوزیشن اب بھی قائم ہے۔

عالمی درجہ بندی میں 105ویں نمبر پر موجود اومان نے کھیل کے چھٹے منٹ میں آسٹریلیا کے گول پوسٹ پر پہلا حملہ کیا، جس پر عبدالعزیز المقبالی نے گول کیپر مارک شوارز کو چکمہ دیرک بائیں پائوں سے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی، یہ المقبالی کا 14واں انٹرنیشنل گول بنا، آسٹریلیا کو اس مقابلے میں معطل کپتان لوکاس نیل کی خدمات حاصل نہیں تھیں، کھیل کے 45ویں منٹ میں اومانی گول کیپر علی الحسبی نے ہولمین کا حملہ پسپا کیا، دفاعی پلیئر سعد المکھانی کو 35ویں منٹ میں روبی کروز کیخلاف فائول کرنے پر میچ کا پہلا یلوکارڈ دکھایاگیا، کھیل کے 49ویں منٹ میں آسٹریلیا کے مائل جیڈنیک کے اوون گول نے اومان کی برتری 0-2 کردی۔

وہ رائید ابراہیم کے کراس پر گیند کو قابو نہیں کرپائے ،دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد چائل نے جوابی وار کرتے ہوئے 53ویں منٹ میں گول داغ کر ٹیم کا خسارہ کم کیا تھا، یہ ان کا27واں انٹرنیشنل گول ثابت ہوا۔ گروپ'اے' میں جنوبی کوریا نے مہمان قطر کو2-1 سے شکست دے دی، کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ بنا سکی، تینوںگول دوسرے حصے میں بنے، 60ویں منٹ میں لی کیون ہو نے میزبان ٹیم کو برتری دلائی تاہم چار منٹ بعد ہی الخلفان نے جوابی گول داغ کر مقابلہ برابر کردیا، فیصلہ کن گول اختتامی منٹ میں سون ہیونگ من کے نام رہا۔ تاشقند میں ازبکستان نے لبنان کو 0-1 سے مات دی، واحد گول 63 ویں منٹ میں سرور ڈی جیپروف نے بنایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں