دہشتگردوں کو مقابلوں میں مارنے سے دہشتگردی ختم نہیں ہوگی سپریم کورٹ

انسداد دہشت گردی کے موجودہ نظام میں بہت سی خامیاں موجود ہیں، مشرف حملہ کیس کا فیصلہ جاری


ویب ڈیسک February 03, 2018
انسداد دہشت گردی کے موجودہ نظام میں بہت سی خامیاں موجود ہیں، مشرف حملہ کیس کا فیصلہ جاری فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے مشرف حملہ کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کو مقابلوں میں مارنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے مشرف حملہ کیس کے ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔ 18 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا۔

فیصلہ میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کو مقابلوں میں قتل کرنا دہشت گردی ختم کرنے کا حل نہیں۔ ججوں، تفتیش کاروں اور گواہوں کو تحفظ فراہم کرنے اور انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کو جدید آلات کی فراہمی سے سزا سنانے کے عمل میں مدد مل سکتی ہے۔ انسداد دہشت گردی کے موجودہ نظام میں بہت سی خامیاں موجود ہیں تاہم تمام ایجنسیوں کے مشترکہ نیٹ ورک اور معلومات کے تبادلے سے دہشت گردی کو روکا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف پر حملے کے ملزمان کو بری کرنے کا حکم

فیصلے کے مطابق انٹیلی جنس نیٹ ورک کی مضبوطی سے دہشت گردوں کو دستیاب مالی وسائل کنٹرول کیے جاسکتے ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد اور صوبوں میں جدید فرانزک لیبارٹریاں فوری طور پر قائم کرنی چاہئیں۔ ملک میں امن کی بحالی غیرملکی سرمایہ کاروں کومتوجہ کرے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مشرف حملہ کیس کا فیصلہ 30 نومبر کو سنایا تھا اور تینوں ملزمان انتخاب عباسی، ظفر علی اور محمد کبیر کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں