رانا ثنا اللہ ختم نبوت کمیٹی کے سامنے پیش عقیدے کی وضاحت کردی

ختم نبوت ﷺ کے برخلاف عقیدہ رکھنے والا شخص مسلمان نہیں ہوسکتا، راناثناء اللہ

ختم نبوت ﷺ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ اور لازمی جز ہے، رانا ثنااللہ فوٹو:فائل

وزیرقانون پنجاب راناثناء اللہ نے پیرحمیدالدین سیالوی کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر ختم نبوت ﷺ سے متعلق اپنے عقیدے اور موقف کو واضح کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رانا ثناء اللہ لاہور میں ختم نبوت ﷺ سے متعلق بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوئے،اجلاس کی صدارت نظام الدین سیالوی نے کی جب کہ اجلاس میں ن لیگ کے رہنما ضعیم قادری، مولانا رحمت اللہ اور دیگر علما نے شرکت کی۔

وزیرقانون راناثناء اللہ نے ختم نبوت ﷺ سے متعلق اپنے عقیدے کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت ﷺ ہرمسلمان کے ایمان کا حصہ اور لازمی جزُ ہے، ختم نبوت ﷺ اور مقام نبی ﷺ کے برخلاف عقیدہ رکھنے والا کوئی شخص مسلمان ہو ہی نہیں سکتا۔


یہ خبر بھی پڑھیں: ایک ہفتے میں شریعت نافذ نہ ہوئی تو پنجاب بند کردیں گے، پیرسیالوی

کمیٹی نے وزیرقانون کا موقف سننے کے بعد ان کے عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ راناثناء اللہ کے بیان کردہ موقف کو آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیرحمیدالدین سیالوی کے سامنے رکھیں گے جب کہ کمیٹی کے جو ممبران اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے انہیں بھی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پیرحمیدالدین سیالوی نے راناثناء اللہ کے ختم نبوت ﷺ سے متعلق بیان پر احتجاج کرتے ہوئے وزیرقانون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور اس حوالے سے احتجاجی تحریک بھی شروع کی تھی تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پیرحمیدالدین سے ملاقات کرکے ان کی شکایت کا ازالہ اور تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
Load Next Story