دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائےنگراں وزیر اعلیٰ

نگراں حکومت کا اہم ٹاسک انتخابات کا انعقاد ہے، امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس


Staff Reporter March 27, 2013
صوبے میں امن امان بہتر کرنیکی کوششیں جاری ہیں،داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے وفد سے ملاقات فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا اہم ٹاسک انتخابات کاانعقاد ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومت الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون اورمعاونت فراہم کریگی۔

وہ منگل کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں امن وامان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ راجا محمدعباس،آئی جی پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ،ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی غلام شبیر شیخ اور دیگر حکام نے شرکت کی، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ صوبہ بھر باالخصوص کراچی میں امن امان کی صورتحال کی بہتری پراپنی پوری توجہ مرکوز کریں اور دہشتگردوں،جرائم پیشہ افراد اورسماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر اور بلاتفریق کارروائی کویقینی بنایا جائے۔



 

انھوں نے کہا کہ وہ پولیس سے کسی معجزے کی توقع نہیں رکھتے لیکن انھیں یقین ہے کہ مربوط اقدامات سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امن امان کا قیام اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمے داری ہے۔ انھوں نے صوبے بھر باالخصوص کراچی، حیدرآباد، سکھر اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے پربھی زور دیا ۔

انھوں نے کہا کہ پولیس کودرپیش مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔ قبل ازیںوزیراعلیٰ ہائوس میں دائودی بوہرہ کمیونٹی کے ایک 12رکنی وفد نے منگل کو منصورعلی کی سربراہی میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اورانھیں نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اورنیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ صوبے کے حالات کوپرامن بنانے اور شہر میں زندگی کی رونقیں بحال کرناچاہتے ہیں۔امن امان بہتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں ،اس حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے بھی رابطے کیے جائینگے،انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں