گلوکار عاطف اسلم کل رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائینگے

دلہن سارہ بھروانہ کنیئرڈ کالج کی طالبہ رہ چکیں، دونوں 7سال سے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں


Qaiser Iftikhar March 27, 2013
آج مہندی کی رسم ہو گی،قریبی رشتہ داروں کے علاوہ کسی کو مدعو نہیں کیا ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارعاطف اسلم کل لاہور میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہو جائینگے، آج مہندی کی رسم ادا کی جائے گی ۔

جس میں عاطف اور انکی ہونیوالی بیوی سارہ بھروانہ کی فیملی شرکت کریگی۔ دلہن کومہندی لگائی جائیگی جبکہ عاطف کے دوست ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالیں گے، اس سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ دوسری طرف شادی کی تقریبات میں شرکت کے دعوت نامے مخصوص مہمانوں کو بھجوا دیے گئے ہیں اور اب کل 28مارچ کو برات مقامی کلب میں پہنچے گی۔



شادی کی تقریبات کو خفیہ رکھا گیا ہے اور ان میں دونوں فیملیز کے قریبی عزیز واقارب اور قریبی دوستوں کے علاوہ کسی اور کو مدعو نہیں کیا گیا۔ بلکہ جن مہمانوں کو تقریب میں دعوت نامے دیے گئے ہیں انھیں یہ تاکید بھی کی گئی ہے کہ وہ شادی کی تقریبات کے مقامات کے بارے میں کسی کو نہ بتائیں۔

واضح رہے کہ ولیمے کی تقریب 29مارچ کو ہو گی۔ عاطف اسلم کے قریبی ذرائع کے مطابق عاطف اسلم کی شادی پسند سے ہو رہی ہے۔ سارہ بھروانہ کینئرڈ کالج کی طالبہ رہ چکی ہیں اور دوران تعلیم انھیں اسپورٹس کلب کی صدر اور ''مس کے سی آئٹ'' رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ سارہ بھروانہ نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد کچھ عرصہ ٹیچنگ بھی کی، انکے والد مرحوم کا تعلق پنجاب پولیس سے تھا۔ دونوں کے درمیان تعلق 7سال پرانا ہے جو اب رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ شادی کے موقع پرعاطف اسلم شیروانی پہنیں گے اور ولیمہ کیلیے انکا ڈریس بھی بہت منفرد ہو گا۔ا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں