ٹرانزٹ ٹریڈ کے غیر تجارتی سامان پر فنانشل سیکیورٹی کی شرط ختم

اطلاق رجسٹرڈ این جی اوز، سفارتی وسرکاری کارگو پرہوگا، ایگزمشن سرٹیفکیٹ کی شرط برقرار۔

پاکستان کسٹمز نے قوانین میں تبدیلی سے ٹرانزٹ سامان کی پورٹ سے افغان سرحدتک ترسیل کیلیے ایک اور راستہ بنادیا، حکام۔ فوٹو: فائل

پاکستان کسٹمز نے ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے افغانستان کو نان کمرشل کنسائمنٹس کی ترسیل کے لیے فنانشل سیکیورٹی کی شرط ختم کردی ہے تاہم اس سہولت کے لیے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کی شرط کو برقرار رکھا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ ایس آر او کے مطابق یہ رعایت صرف نان کمرشل کارگو کے لیے ہو گی جبکہ کمرشل کارگو کے لیے انشورنس گارنٹی کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔


کسٹمز حکام کے مطابق نان کمرشل میں وہ کارگو ہیں جو ڈپلومیٹک مشن، افغان حکومت، رجسٹرڈ این جی اوز، افغانی اور یورپین کمیشن بغیر ڈیوٹی اور ٹیکسز کے منگواتے ہیں البتہ وہ سامان نان کمرشل تصور نہیں کیا جائے گا جن کا تعلق امریکی آرمی، ایساف، نیٹو یا دیگر فورسز سے ہے جو افغانستان میں موجود ہیں۔

پاکستان کسٹمز نے قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ میں مزید ایک اور روٹ کا اضافہ کردیا ہے جس سے روٹس کی تعداد 9 سے بڑھ کر 10 ہوگئی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق نیا روٹ کراچی پورٹ قاسم سے جامشورو، حیدرآباد، سکھر، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، کوہاٹ تا ازاخیل، پشاور سے جمرود ٹرمینل طورخم تک ہوگا۔
Load Next Story