تختیاں لگانے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں فرق ہوتا ہے وزیراعظم

عوام نے جولائی میں دوبارہ ن لیگ کو منتخب کیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا، شاہد خاقان عباسی


ویب ڈیسک February 04, 2018
عوام نے جولائی میں دوبارہ ن لیگ کو منتخب کیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا، شاہد خاقان عباسی فوٹو:فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تختیاں لگانے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں فرق ہوتا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کردیا جس سے 36 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے کے تین یونٹس ہیں جن سے مجموعی طور پر 108 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی اور ہر سال تین ارب ستر کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔ باقی دو یونٹ مارچ اور مئی میں مکمل ہو جائیں گے۔



افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پورا سال اتنی بجلی پیدا کرے گا جس سے چترال کی ضرورت پوری ہوسکے اور چترال ملک کا وہ حصہ ہوگا جہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری حکومت نے جتنے کام چترال میں کئے کہیں اور نہیں ہوئے، یہ 45 سال پرانا منصوبہ ہے جسے ن لیگ کی حکومت نے مکمل کیا، تختیاں لگانے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں یہ فرق ہوتا ہے۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، حکومت گیس بھی مہیا کرے گی، اربوں روپے سے سڑکیں بن رہی ہیں، گلگت سے چترال اور اس سے آگے سڑک بنا رہے ہیں، چترال سے دیگر علاقوں کا رابطہ قائم ہوگا۔



وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام نے نواز شریف کو منتخب کیا جو ملک کے حق میں بہتر فیصلہ ثابت ہوا، عوام اگر پھر یہی فیصلہ کریں گے تو ترقی کا کام چلتا رہے گا، پاکستان کو ایک درست سمت پر ڈال دیا گیا ہے، جولائی میں عوام نے پھر درست فیصلہ کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں