نواز شریف کو کشمیر نہیں بھارت سے تجارت عزیز ہے آصف زرداری

ان کی پالیسی پر چلے تو بھارتی تاجر پاکستان کی معیشت بٹھا دیں گے، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک February 04, 2018
میاں صاحب دھرتی پر بوجھ تھے اس لیے انہیں نکالا، آصف زرداری، فوٹو : فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو کشمیر نہیں بھارت سے تجارت عزیز ہے ان کی پالیسی پر چلے تو بھارتی تاجر پاکستان کی معیشت بٹھا دیں گے۔

بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے وفود سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں ''مجھے کیوں نکالا''، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میاں صاحب آپ دھرتی پر بوجھ بن گئے تھے آپ کو اس لیے نکالا، آپ کو یہ دھرتی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ شریفوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کردیا، ملک کو قرضے کے بوجھ تلے اتنا دبا دیا کہ اب یہ گناہ قابل معافی نہیں، شریفوں کے ترقیاتی کام ایک دکھاوا اور مصنوعی ترقی ہیں، ڈر ہے کہ مصنوعی ترقی کا یہ بم پھٹ کر تباہی نہ پھیلا دے، یہ لوگوں کو پانی اور صحت کی سہولیات دینے کی بجائے سڑکیں بنا رہے ہیں، سڑکیں بھی مخصوص علاقوں میں بطور شوپیس بنائی جا رہی ہیں، شریف برادران پینے کے پانی کے منصوبوں پر پیسہ لگانا پیسے کو زیر زمین دفنانے کے مترادف گردانتے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر لگا پیسہ نظر آتا ہے اور پانی کے منصوبوں میں پیسہ دفن ہو جاتا ہے، دکھاوے اور سستی شہرت سے ہٹ کر یہ کوئی بھی منصوبہ بنانے کے لیے تیار نہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سوچ جی ٹی روڈ اور شہباز شریف کی لاہور تک محدود ہے، نواز شریف نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے نہیں جی ٹی روڈ کے وزیراعظم تھے، شہباز شریف بھی پنجاب کے نہیں لاہور کے وزیراعلیٰ بنے بیٹھے ہیں، تخت رائیونڈ نے بلوچستان کو اپنی کالونی بنا رکھا تھا، (ن) لیگ نے سب کو اپنا غلام سمجھ رکھا تھا اس لیے بغاوت ہوئی جب کہ ہم بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں گے کیوں کہ ہماری اور ان کی ثقافت ایک ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ نواز شریف گریٹر پنجاب کا نعرہ لگائے گا، نواز شریف نے اپنا موازنہ شیخ مجیب کے ساتھ کرکے میری بات کو سچ ثابت کر دیا، نواز شریف کو کشمیر نہیں بھارت سے تجارت عزیز ہے کیوں کہ نواز شریف افغانستان سے معدنیات نکال کر بھارت لے جانا چاہتا ہے، اگر نواز شریف کی پالیسی پر چلے تو بھارتی تاجر پاکستان کی معیشت بٹھا دیں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ آصفہ بھٹو انتخابی میدان میں آ رہی ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ خواتین زیادہ سے زیادہ سیاست میں آئیں جب کہ میں خود کو مفاہمت کا بادشاہ یا سیاست کا بڑا کھلاڑی نہیں ادنیٰ سا انسان سمجھتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں کل مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا جلسہ کریں گے کیوں کہ لاہور تحریک پاکستان اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کا مرکز رہا ہے، لاہور میں ہی قرارداد پاکستان منظور ہوئی اور پیپلز پارٹی کا جنم ہوا، لاہور سے ہی پیپلز پارٹی کی سیاست کو عروج پر لے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں