رحمان ملک توہین عدالت کیس انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کیلیے لارجر بنچ تشکیل

میرا عدلیہ پر پورا اعتماد ہے لیکن سیاستدانوں سے شکایت ہے، پاکستان آنا پرویز مشرف کا حق ہے، رحمان ملک


ویب ڈیسک March 27, 2013
میرا عدلیہ پر پورا اعتماد ہے لیکن سیاستدانوں سے شکایت ہے، پاکستان آنا پرویز مشرف کا حق ہے، رحمان ملک فوٹو : فائل

ISLAMABAD: سپریم کورٹ نے رحمان ملک کی توہین عدالت کے فیصلہ کے خلاف انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کے لیے 5 رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت رحمان ملک کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل نے 18 مارچ کے فیصلے کے خلاف انٹر کورٹ اپیل دائر کردی ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ کو حکم امتناعی ملا ہے اگر نہیں تو اس کے بغیر توہین عدالت کی کا رروائی کیسے روکی جاسکتی ہے، آپ نے کارروائی روکنے کے حوالے سے بھی کوئی درخواست نہیں دی، جواب میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالت نے فرد جرم کے لیے ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ کے تبادلے کو جواز بنایا اور ان کے موکل کو اس حوالے سے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا ،تبادلہ گریڈ 22 میں ہوا اور مجاز اتھارٹی وزیر اعظم تھے۔

اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ فرد جرم رحمان ملک کی طرف سے 2009 میں عدالتی امور میں مداخلت کی بنیاد پر لگائی جارہی ہے، عدالت نے رحمان ملک کی انٹرا کورٹ درخواست کی سماعت کے لیے جسٹس ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ قائم کرتے ہوئے کہا کہ بنچ 29 مارچ سے کیس کی سماعت کرے گا جبکہ رحمان ملک توہین عدالت کیس کی سماعت بھی 29مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ میرا عدلیہ پر پورا اعتماد ہے لیکن سیاستدانوں سے شکایت ہے، مجھے حق حاصل ہے کہ میں جو بھی کہنا چاہوں کہہ سکتا ہوں، انہوں نے کہا کہ شہاز شریف سے درخواست کرتا ہوں کہ سپریم کورٹ میں آئیں ان کا کیس 5 سال سے زیر التوا ہے، ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک نے کہا پاکستان آنا پرویز مشرف کا حق ہے، جو لوگ چاہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کا نام خراب کریں میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ان کی تمام باتیں غلط ثابت ہوجائیں گی اور ان کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں